PPI News Bulletin 1500 پی پی آ ئی نیوز بلیٹن

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے گلگت سے راولپنڈی جانیوالی بس پر کوہستان کے علاقے میں فائرنگ سے اٹھارہ ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق رحمن ملک نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ہزارہ ڈویژن کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ اس ٹیم میں پولیس، آئی بی اور آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کے نمائندے شامل ہوں گے۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تین روز میں رپورٹ پیش کرے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے پر تحفظات ظاہر کردیئے، جبکہ وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیرپےٹرولےم نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمتیں بڑھانا مجبوری ہے، لوگوں کو اس کا ایشو نہیں بنانا چاہئے۔انھوں نے بتایا کہ ایران نے گیس منصوبے کیلئے پچیس کروڑ ڈالر کی پیشکش کی ہے، جبکہ ہم نے ایران سے پچاس کروڑ ڈالر قرضے کی درخواست کی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس منصوبے کا ٹینڈر آئندہ شائع کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے دہری شہریت رکھنے والے افراد پر رکن پارلیمنٹ بننے کی پابندی کے بل کومسترد کردیاہے۔ قائمہ کمیٹی کااجلاس عبدالغفورچوھدری کی زیرصدارت ہوا جس میں کمیٹی نے دوہری شہریت رکھنے والوں پر رکن پارلیمنٹ بننے کے خلاف بل کو کثرت رائے سے مسترد کردیا ،کمیٹی کاکہناہے کہ یہ قانون پہلے ہی موجود ہے کہ دہری شہریت والا رکن پارلیمنٹ نہیں بن سکتا۔

پشاور ہائی کورٹ نے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج سے متعلق حکم امتناعی جاری کردیا جبکہ پیسکو اور ٹیسکو کو صارفین سے بجلی بلوں کی وصولی سے روک دیا۔ بجلی کے بلزمیں فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج کے خلاف کارخانہ داروں سمیت 40 سے زیادہ افراد نے رٹ جمع کی تھی جس کی سماعت آج پشاور ہائی کورٹ میں ہوئی۔ سماعت کے دوران نیپرا، پیسکو، ٹیسکو اور واپڈاحکام کو نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آف پاکستان کو عدالت میں طلب کیا گیا۔ پشاور ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران 10 روز میں فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج کے بغیر نئے بلوں کے اجراءکا حکم دیا ہے۔

آل پاکستان وناسپتی مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال گیارہویں روز بھی جاری ہے جس کے باعث خوردنی گھی و تیل کی فی کلو قیمت میں 20 سے25 روپے کااضافہ ہو گیا ہے۔کراچی کی مقامی مارکیٹ میں گھی اور تیل کی فراہمی بالکل بند ہے جبکہ تھوک فروشوں کے پاس سٹاک بھی تیزی سے کم ہو رہا ہے۔ شہر میں گھی و تیل کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ فیصل آباد میں بھی گھی ڈیلرز نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے اور من مانے نرخ وصول کیے جارہے ہیں جبکہ بہت سے علاقوں میں شہری غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کا کھلا گھی اور تیل خریدنے پر مجبور ہیں۔

ملک میں رواں سال پولیو کے تیرہ کیسز کی تصدیق ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق رواں سال کے دو ماہ کے دوران ملک بھر میں پولیو کے تیرہ کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے خیبرپختونخواہ اور فاٹا میں چھ، بلوچستان میں دو، سندھ میں تین اور پنجاب میں پولیو کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ برس ملک میں پولیو کے 183 کیسز سامنے آئے تھے۔

لندن اولمپکس کی تیاریوں کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کل شروع ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو کل نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں تربیتی کیمپ کیلئے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کھلاڑیوں میںسے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے بھی ٹیم منتخب کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *