PPI NEWS Bulletin 1500 پی پی آئی نیوز بلیٹں

ہیڈلائنز:۔

قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس، وزیراعلیٰ بلوچستان کا احتجاجاً بائیکاٹ
مسلم لیگ ن نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے تین نام تجویز کردیئے
ممبئی حملہ کیس، بھارت کا پاکستان کی تحقیقات پر اظہار عدم اطمینان
قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ کا اجلاس بھی یکم جون کو طلب
یونان سے بے دخل ہونیوالے 59 پاکستانی اسلام آباد پہنچ گئے
اور
نائس ٹینس ٹورنامنٹ ،اعصام الحق اور انکے ساتھی کی سیمی فائنل میں رسائی

خبروں کی تفصیل:۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ تاہم بلوچستان حکومت نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے اجلاس میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد نہیں ہوا۔انھوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد تک ہم اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ بلوچستان میر عاصم کرد نے بھی اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے۔

مسلم لیگ ن نے چیف الیکشن کمشنر کے نام کو حتمی شکل دینے کیلئے پارلیمنٹ سے باہر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کردئیے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد ،جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم اور جسٹس شاکر اللہ جان کے ناموں کا پینل تشکیل دے دیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے جماعت اسلامی کے رہنماءلیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیااور چوہدری نثار نے لیاقت بلوچ کوچیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی کی کاروائی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھاکہ وہ پارلیمنٹ سے باہر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ نئے الیکشن کمشنر کے نام کے لیے پینل دینا چاہتے ہیں۔جس پر لیاقت بلوچ کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی کو ان تینوں ناموں پر کوئی اختلاف نہیں۔

بھارت نے ممبئی حملہ سازش کیس میں پاکستان کی تحقیقات اور عدالتی کارروائی پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ پاک بھارت مذاکرات میں شرکت کیلئے اسلام آباد آنے والے بھارتی سیکریٹری داخلہ آر کے سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہاکہ پاکستان میں ہونے والی ممبئی حملہ کیس کی تحقیقات اطمینان بخش نہیں ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس کیس میں پاکستان کی عدالتی کارروائی بہت دھیمی چل رہی ہے جبکہ کیس میں نامزد ملزموں کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

سینیٹ کا اجلاس یکم جون کو شام ساڑھے چھ بجے طلب کر لیا گیا۔ قائمقام صدر نیر حسین بخاری نے آئین کے آرٹیکل چون کی شق ون کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ایوان بالا کا اجلاس یکم جون کو طلب کیا ہے۔ اجلاس جمعہ کی شام ساڑھے چھ بجے پارلیمنٹ ہاو¿س اسلام آباد میں ہوگا۔ یکم جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔ ایوان زیریں کی منظوری کے بعد ایوان بالا بجٹ کی منظوری دے گا۔

غیرقانونی طریقے سے یونان جانے والے انسٹھ پاکستانی ڈی پورٹ ہوکر اسلام آباد کے پہنچ گئے ہیں۔ مذکورہ پاکستانی ایران اور ترکی کے راستے سے ہوتے ہوئے بحری جہاز کے ذریعے یونان پہنچے تھے کہ انھیں گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی پورٹ ہونے والے انچاس پاکستانیوں کا تعلق گجرات، پانچ کا اسلام آباد اور پانچ کا تعلق پشاور سے ہے۔ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کو انکے شہروں کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل بھیج دیا گیا ہے تاکہ انھیں لے جانے والے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

پاکستانی اسٹار اعصام الحق قریشی اوران کے پارٹنر جین جولین راجرز نے نائس ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں پاک ،ڈچ جوڑی کا مقابلہ ورلڈنمبر ون ڈبلز پیئر بائرن برادرز سے ہوگا۔ فرانس کے شہر نائس میں جاری کلے کورٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور جین جولین راجرز نے امریکی جوڑی کوشکست دی۔ فائنل میں رسائی کیلئے اعصام اور جولین کا مقابلہ عالمی نمبرایک ڈبلز پیئر امریکا کے بائرن برادرز باب اور مائیک سے ہوگا۔میڈرڈ ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں اعصام اورجولین نے بائرن برادرز کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *