PPI NEWS bulletin 1300 پی پی آئی نیہوز بلیٹن

ہیڈلائنز:۔

پاک بھارت داخلہ سیکرٹریوں کے مذاکرات اسلام آباد میں شروع
حسین حقانی کے صوابدیدی فنڈز کا ریکارڈ میمو کمیشن میں پیش
لال مسجد کیس کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر سپریم کورٹ برہم
کراچی میں گزشتہ برس دو ہزار افراد قتل
ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی مذاکرات دوسرے روز بھی جاری
اور
پی سی بی آسٹریلیا سے ون ڈے کی جگہ صرف ٹی 20 میچز کھیلنے کا خواہشمند
Business news

خبروں کی تفصیل:۔

پاک بھارت سیکرٹریز داخلہ کے دو روزہ مذاکرات اسلام آباد میں شروع ہو گئے ہیں۔ مذاکرات میں میں نئی ویزا پالیسی پر غور کے ساتھ جرائم اور اسمگلنگ کی روک تھام کے اہم معاملات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ پاک بھارت مذاکرات وفاقی سیکرٹری داخلہ خواجہ صدیق اکبر اور ان کے بھارتی ہم منصب آر کے سنگھ کے درمیان ہو رہے ہیں۔ مذاکرات میں کاروباری افراد ،بزرگ شہریوں اور پارلیمنٹرینز کو ویزا کے آسان اجراءکیلئے نئی پالیسی کی دستاویزپردستخط کئے جانے کے امکانات ہیں، مجوزہ نئی ویزہ پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو ایک سال کے ملٹی پل ویزے کا اجراء، انہیں پولیس رپورٹنگ سے مستثنیی قرار دینے اور پانچ شہروں میں جانے کی اجازت شامل ہے۔

دفتر خارجہ کے حکام نے حسین حقانی کے بطورسفیرتین سال کے صوابدیدی فنڈز کا ریکارڈ ممبر میموکمیشن کوپیش کردیا۔اطلاعات کے مطابق قائم مقام سیکرٹری خارجہ اکرام اللہ محسود نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اور ممبر میمو کمیشن اقبال حمید الرحمن کو ان کے چیمبر میں ان کیمرہ بریفنگ دی۔ بریفننگ کے دوران بتایا گیا کہ حسین حقانی نے اپنے صوابدیدی فنڈ کے سات ملین ڈالرز میں سے ساڑھے چھ ملین ڈالر خرچ کئے۔

سپریم کورٹ میں لال مسجد کیس کی سماعت جاری ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخارمحمدچوہدری نے کہا کہ مسجد پر بھی اتنا ظلم ہونا قابل دکھ ہے، اس مقدمہ کی طویل التواءکے بعد سماعت ہوئی لیکن پھر بھی کوئی دلچسپی نہیں لے رہا ہے۔لال مسجد آپریشن سے پہلے وہاں غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق مقدمات کا رکارڈ پیش نہ ہونے پر عدالت نے وفاقی پولیس پر برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے آپریشن کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی سے متعلق وفاق المدراس کے وکیل افتخار گیلانی کی ایک درخواست مسترد کردی اور کہاکہ اس بارے میں پہلے ہی حکم دیا جا چکا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ برس دو ہزار افراد قتل کردیئے گئے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی انسانی حقوق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں سیاسی جماعتوں کے مسلح گروپ لوگوں کے قتل عام میں ملوث ہیں۔ دو ہزار افراد قتل اور کئی سو زخمی کئے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار گیارہ میں پندرہ سو سے زائد خواتین کو مختلف وجوہات پر قتل کیا گیا۔جبکہ پانچ سو سے زیادہ خواتین غیرت کے نام پر قتل کی گئیں۔

ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان عراقی دارالحکومت بغداد میں مذاکرات دوسرے روز بھی جاری ہیں۔گزشتہ روز ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان مذاکرات کے دوران ایرانی ایٹمی پروگرام کے حوالے سے مفصل تجاویز کا تبادلہ ہوا تھا۔ ان مذاکرات کا مقصد ان شکوک و شبہات کو ختم کرنا ہے کہ ایران اپنے ایٹمی توانائی کے پروگرام کی آڑ میں جوہری ہتھیار تیار کر رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ، آسٹریلیا کی پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سیریز کو سات ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں تبدیل کرانے کا خواہشمند ہے، اس مقصد کیلئے پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے قوانین کے تحت ایک ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عام حالات میں تین سے زیادہ میچ نہیں ہوسکتے۔ چوں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ستمبر میں سری لنکا میں ہوگا اس لئے پی سی بی آئی سی سی سے خصوصی اجازت حاصل کرے گا تاکہ اس سیریز کے ذریعے ورلڈ کپ کی تیاری میں بھرپور مدد مل سکے۔ امکان ہے کہ اگر آئی سی سی نے اجازت دے دی تو یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں ہوسکتی ہے۔

ایشیائی منڈی میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روزخام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔سنگاپور کی نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں امریکی خام تیل کے جولائی کے سودے37سینٹس اضافے سے90ڈالر27سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔جبکہ برینٹ نارتھ سی خام تیل کے سودے29سینٹس اضافے سے105ڈالر85 سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *