نیپرا نے قیمتوں میں 39 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرکے عوام پر ایک بار پھر بجلی کا بم گرادیا۔نیپرا کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 39 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں تین روپے تین پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائگا،جس کا اطلاق آئندہ ماہ کے بلوں پر ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ کراچی کے صارفین کیلئے نہیں ہوگا۔
بجلی کے بعد اب عوام پر ایک اور بم گرادیا گیاہے۔ ایل پی جی کی قیمت میں بھی فی کلو 15 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق 3 مارچ سے ہوگا۔قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی ٹن قیمت ملکی تاریخ کی بلندترین سطح 1 لاکھ 35 ہزار پر پہنچ گئی ہے۔واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت رواں ماہ کے شروع میں بڑھائی گئی تھی جبکہ گزشتہ روز بھی پٹرولےم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھانے کی منظوری دی گئی اور آج ایل پی جی کی قیمت بھی بڑھا دی گئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کو گلگت بلتستان پہنچ کر حالات کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت جاری ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے رحمان ملک کو فوری طور پر گلگت بلتستان پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے رحمان ملک کو ہدایت کی ہے کہ گلگت بلتستان کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے اقدامات کریں۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں کوہستان میں پیش آنیوالے دہشتگردی کے واقعے کے بعد صورتحال سخت کشیدہ ہے، اور آج وہاں غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو بھی نافذ کردیا گیا ہے۔
انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ آفتاب سلطان نے بلوچستان کی صورتحال کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے علیحدگی پسندوں سے مذاکرات کا مشورہ دیدیا۔انھوں نے یہ اعتراف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔عذرا افضل کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہونیوالے ان کیمرا اجلاس میں بلوچستان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ آئی بی کے سربراہ آفتاب سلطان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال بہت خراب ہے۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں لوگوں کو بڑی تعداد میں قتل کیا جارہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ بلوچستان میں غیرملکی ہاتھ بھی سرگرم ہے۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میںڈی جی آئی ایس آئی اور فوجی انٹیلی جنس حکام شریک نہیں ہوئے، جس پر قائمہ کمیٹی کے اراکین نے
شدید تحفظات کا اظہار کیا اور وزارت دفاع سے جواب طلب کرلیا۔
کراچی کے علاقے کینٹ سے پانچ افراد کی بوری بند لاشیں برآمد کرلی گئیں۔پولیس کے مطابق کینٹ کے علاقے عسکری ٹو کے ایک گھر سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں ملی ہیں، جن میں دو مرد اور تین خواتین شامل ہےں۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں ایک سے دو روز پرانی ہیں اور مقتولین کو ذبح کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو نشہ آور چیز کھلا کر منصوبہ بندی سے قتل کیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ دہری شہریت رکھنے والے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیدیا گیا ہے، جبکہ ہم نے ٹنڈو محمد خان میں وحیدہ شاہ کی جانب سے عملے پر تشدد کا نوٹس لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی عملے کی حفاظت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ہم اس معاملے میں اپنے اقدامات سے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کا کام کریں گے۔انھوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران فائرنگ کرنیوالے افراد کیخلاف قانون سازی کی ضرورت ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے متنازعہ بھارتی لیگ میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوں پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔ سیکرٹری ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی ہاکی فیڈریشن نے بھارتی لیگ کو غیر قانونی قرار دیا ہے، اس لئے بھارت جانیوالے کھلاڑیوں کو پابندی کا سامنا کرنے پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں بھارت جانے کے خواہشمند کھلاڑیوں کا علم نہیں، تاہم بھارتی لیگ میں شرکت کرنیوالوں کیخلاف ہم کارروائی کریں گے۔
