PPI News Bulletin 1300 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن
وزارت داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ انٹرپول کے صدر دفاتر ارسال کردیئے۔انٹرپول کے سوئٹزرلینڈ میں واقع صدر دفاتر میں سابق صدر کے خلاف ریڈ وارنٹ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں گرفتاری کیلئے بھیجے گئے ہیں۔ ریڈ وارنٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ملوث ہیں، لہذا انہیں ملزمان کے تبادلے کے معاہدے تحت گرفتار کرکے پاکستان بھجوایا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے بلوچستان کے حالات کو دیگر صوبوں سے بہتر قرار دیدیا۔ نادرا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کو بات چیت سے حل کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان سے صرف 48 افراد لاپتہ ہیں، مگر اس حوالے سے پروپگینڈہ زیادہ کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ کوہستان واقعے کے اہم شواہد ملے ہیں اور کارروائی بیس دہشتگردوں نے کی۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد جس علاقے سے آئے اس کا بھی پتا چل گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس ری اوپن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آٹھ مارچ تک ملتوی کردی ہے۔ عدالت نے سابق آئی ایس آئی چیف جنرل اسد درانی اور مرکزی کردار یونس حبیب کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پورے کیس کا دارومدار اسد درانی کے بیان پر ہے، کیس کو قانون کے مطابق دیکھنا چاہتے ہیں۔ اصغر خان نے سپرہم کورٹ کو لکھے گئے خط میں لکھا ہے کہ آئی جے آئی بنانے کے لیے میاں نواز شریف کو پینتیس لاکھ روپے، جماعت اسلامی کو پچاس لاکھ، غلام مصطفی جتوئی 50 لاکھ، محمد خان جونیجو25 لاکھ، پیر پگارا 25لاکھ، حفیظ پیرزادہ 30 لاکھ، جام صادق 50 لاکھ، میرافضل خان1 کروڑ،جام کھوسو8 لاکھ،اور جام یوسف کو ساڑھے7 لاکھ روپے دیئے گئے۔
گلگت میں آج دوپہر 12 بجے سے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے،ضلعی انتظامیہ نے گاڑیوں میں لاﺅڈ اسپیکر کے ذریعے کرفیو کااعلان کیا۔واضح رہے کہ گذشتہ روزراولپنڈی سے گلگت جانے والی بس کو کوہستان کے علاقے ہربن نالا کے قریب روک کر مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے اور انہیں شناخت کرنے کے بعد اٹھارہ افراد کوگولیاں مار کر قتل کردیاگیا،جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ آج دوپہر ادا کی جائے گی انتظامیہ نے امن و امان کے پیش نظر آج گلگت میں کرفیونافذ کیاہے۔
ایشیائی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا۔سنگاپور کی نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں امریکی خام تیل کے اپریل کے سودے 42سینٹس اضافے سے 106ڈالر97سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔برینٹ نارتھ سی خام تیل کے سودے60سینٹس اضافے سے122ڈالر15 سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔
متنازع ورلڈ ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی آج بھارت روانہ ہوں گے۔قومی ٹیم کو اس وقت دھچکہ لگا جب اسٹار کھلاڑیوں ریحان بٹ اور شکیل عباسی نے بھی متنازعہ لیگ سے معاہدہ کرلیا،دونوں اسٹار آج واہگہ کے راستے بھارت جا رہے ہیں ان کھلاڑیوں نے تین سال کے لئے معاہدہ کیا ہے جس کے دوران انہیں40 لاکھ روپے تک رقم ملنے کا امکان ہے۔سابق کپتان ذیشان اشرف کو بھی بھارت کا ویزا مل گیا اور وہ بھی آج روانہ ہوں گے۔ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے مالی مستقبل کو مستحکم بنانے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب ذیشان اشرف نے کہاکہ وہ طویل عرصے سے قومی ٹیم سے باہر ہیں اور عمر کی حد مقرر ہونے کے باعث ڈومیسٹک ایونٹ میں بھی حصہ نہیں لے رہے ہیں اس کو سامنے رکھتے ہوئے انہوں نے بھارت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم گلگت
بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا، تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔آج صبح ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی08،قلات میں منفی 06جبکہ ہنزہ میں منفی04ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر چندشہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔اسلام آباد میں06،لاہور11، کراچی15، پشاور05،کوئٹہ منفی03،مظفرآباد07، لاڑکانہ08،حیدرآباد12، ساہیوال06، سرگودھا05، بہاولنگر10، فیصل آباد08جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں05ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔
You may also like
- Solangi Inaugurates Media Training Program at Reactivated Pakistan Broadcasting Academy
- NACTA delegation, DG Information KP discuss media role in peace
- PEMRA to hold bidding for FM Radio licenses on Thursday
- Radio Pakistan achieves significant milestones in ‘digital migration’: Solangi
- Khyber Pakhtunkhwa minister opens podcast studio in UoP Journalism Dept
| M | T | W | T | F | S | S |
|---|---|---|---|---|---|---|
| 1 | 2 | 3 | 4 | |||
| 5 | 6 | 7 | 8 | 9 | 10 | 11 |
| 12 | 13 | 14 | 15 | 16 | 17 | 18 |
| 19 | 20 | 21 | 22 | 23 | 24 | 25 |
| 26 | 27 | 28 | 29 | 30 | 31 | |

Leave a Reply