وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم انتظامی یونٹ نہیں الگ صوبہ چاہتے ہیں، اس حوالے سے میاں نوازشریف کی پیشکش ہمیں قبول نہیں۔یہ بات انھوں نے مظفر گڑھ میں سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر کی جانیوالی بستی بے نظیر آباد کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم میاں نوازشریف کا انتظامی یونٹ کا بیان مسترد کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ صوبے کا قیام سرائیکی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، سرائیکی شریف ضرور ہیں مگر وہ اپنے اصولوں پر ڈٹے رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی حمایت حاصل ہے اور کسی کے کہنے پر نہیں جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ حالات کا مقابلے کرنے پر وہ عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس موقع پر وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ حکومت سرائیکی صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کرے گی، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وعدوں پر نہیں عمل پر یقین رکھتی ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ چوہدری برادران قوم سے معافی مانگ لیں تو انہیں اپنی جماعت میں خوش آمدید کہیں گے۔ رائے ونڈ میں ماروی میمن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ حکومت عوام کو جلد انتخابات کی خوشخبری دے۔انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے باربار خاتمے کے دعوے کے باوجود کچھ بھی نہیں ہوسکا، اگرہماری جماعت حکومت میں ہوتی تو کم از کم پچاس فیصد لوڈشیڈنگ کم ہوچکی ہوتی۔ انھوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت اپنی قربانیاں بھول کر مصلحت پسندی کی طرف آگئی ہے۔انکا کہنا تھا کہ ملک میں تمام وسائل موجود ہیں مگر ان سے فائدہ نہیں اٹھایا جارہا۔اس موقع پر ماروی میمن نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے مسلم لیگ ن کے پاس ایک ایجنڈا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلح افواج کے پارلیمنٹ کے ماتحت ہونیکی ن لیگ کی پالیسی بہترین ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی نے سینٹ میں ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ مانگ لیا۔ تفصیلات کے مطابق اے این پی نے پیپلزپارٹی کو اس حوالے سے باقاعدہ طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ دوبارہ بلوچستان سے لئے جانیکا امکان ہے۔سینٹ انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی بارہ نشستیں لے کر حکمران اتحاد کی دوسری بڑی جماعت بن گئی ہے۔ جس کے بعد عوامی نیشنل پارٹی نے پیپلزپارٹی سے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا عہدہ مانگ لیا ہے۔
بھارت نے دریائے چناب پر ایک اور بڑے ڈیم کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ اس ڈیم کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 12 لاکھ ایکڑ فٹ ہے۔ جسپا ڈیم میں بڑی تعداد میں پانی ذخیرہ ہونے سے پاکستان بالخصوص پنجاب میں آنے والا پانی کم ہو جائے گا۔ دریائے چناب پنجاب کی تقریباً تمام اراضی کی آبپاشی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اسی دریا میں تعمیر ہونے والا بگلہار پراجیکٹ بھی پاکستان کے آبی مفادات کیلئے بڑا خطرہ ہے۔بھارتی حکومت نے جسپا ڈیم کو قومی اہمیت کا حاصل منصوبہ قرار دیا ہے۔
انجنوں کی کمی کے باعث اندرون ملک ٹرینوں کی آمد و رفت میں گھنٹوں کی تاخیر برقرار ہے جس کے باعث مسافر مشکلات سے دوچار ہیں۔ملتان ریلوے سٹیشن پر کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس آٹھ گھنٹے، کراچی سے ملتان آنے والی زکریا ایکسپریس اور کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس چھ، چھ گھنٹے جبکہ کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔
پاکستان بنگلہ دیش کرکٹ سیریز کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے بنگلہ دیشی سیکیورٹی وفد لاہور پہنچ گیا۔پاکستان میں تین سال قبل لاہورمیں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پہلی مرتبہ بنگلہ دیش کی ٹیم ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز کے لیے پاکستان آئے گی۔مہمان ٹیم کی ممکنہ آمد سے قبل سات رکنی بنگلہ دیشی سیکیورٹی وفد لاہور پہنچ گیا ہے۔وفد قذافی اسٹیڈیم سمیت دیگر مقامات کا دورہ کرے گا جسے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان کی بریفنگ دی جائے گی۔ ایس پی سیکیورٹی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد کے موقع پر وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کی جائےگی،جبکہ ٹیم کے ساتھ صدر پاکستان کو سیکیورٹی فراہم کرنے والی طرز کا سیکیورٹی قافلہ بھی مہیا کیا جائیگا۔
