PPI News Bulletin 1300 پی پی آئی نیوز بلیٹن

صدر آصف علی زرداری نے سینیٹ انتخابات میں شکست پر پیپلزپارٹی پنجاب کی قیادت سے جواب طلب کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے سینیٹ انتخابات میں اسلم گل کی متنازعہ شکست پر پیپلزپارٹی پنجاب کی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور پارلیمانی پارٹی کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی قیادت سے مشاورت کے بعد پارٹی اجلاس طلب کیا جائے گا۔

سابق رکن قومی اسمبلی ماروی میمن نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان انھوں نے رائے ونڈ میں میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ماروی میمن کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ ن میں کارکن کی حیثیت سے کام کریں گی، انہیں توقع ہے کہ ن لیگ کی قیادت ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔انھوں نے کہا کہ ن لیگ واحد پارٹی ہے جو راہ حق کی سیاست پر گامزن ہے۔اس موقع پر میاں نوازشریف نے کہا کہ ماروی میمن کی سوچ اور ہمارا منشور یکساں ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے،امریکا کی جنگ سے باہر نکل آئیں گے۔ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پرانی سیاسی جماعتوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ بیسویں آئینی ترمیم کو دونوں بڑی جماعتوں نے اپنے مفاد کی خاطر منظور کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف برسر اقتدار آکر ملک سے کرپشن کا خاتمہ، ٹیکس کلچر کا شفاف نفاذ اور میرٹ کو فروغ دے گی۔

کراچی میںآ ج تحریک صوبہ ہزارہ کا جلسہ ہوگا ، جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تحریک صوبہ ہزارہ کے کارکنوں میں بھرپور جوش و جذبہ پایا جاتا ہے جس کا اظہار انہوں جلسہ گاہ میں روایتی رقص کرکے کیا۔ جلسے سے تحریک صوبہ ہزارہ کے چیئرمین بابا حیدر زمان اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے عوام سے تحریک صوبہ ہزارہ کے جلسے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحریک صوبہ ہزارہ کے زیراہتمام باغ جناح میں ہونے والے جلسہ عام میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔

مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز اور کپاس کے نجی برآمد کنندگان کی جانب سے روئی کی محتاط خریداری کے باعث روئی کے بھاﺅ میں مزید فی من 200 روپے کی کمی واقع ہوئی، جبکہ گزشتہ ایک مہینے کے دوران کوالٹی کے حساب سے روئی کے بھاﺅ میں فی من 500 تا 800 روپے کی نمایاں کمی واقع ہوئی۔

لاہور مینز میراتھن ریس میں پہلی تینوں پوزیشنیں پاکستان آرمی کے ایتھلیٹس نے جیت لیں۔ پہلے نمبر پر پاکستان آرمی کے عابد رہے جنھوں نے مقررہ راستہ 58 منٹ اور سولہ سیکنڈ میں طے کیا۔ دوسرے نمبر پر شیراز اور تیسرے نمبر پر ارشد رہے۔مردوں کی میراتھن ریس قذافی اسٹیڈیم سے شروع ہوکر دھرم پورہ کینال پل سے واپس قذافی اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس وقت خواتین کی فیملی میراتھن ریس جاری ہے، جس میں سینکڑوں خواتین شریک ہیں

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا، تاہم بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔آج صبح ملک میں سب سے کم درجہ حرارت دیر میں منفی03،پاراچنار میں منفی 02جبکہ کالام میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر چندشہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔اسلام آباد 08،لاہور12، کراچی22، پشاور11،کوئٹہ 09، مظفرآباد09، لاڑکانہ13،حیدرآباد16، ساہیوال08، سرگودھا10، بہاولنگر13، فیصل آباد12جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں09ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *