وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر وہ کسی سے ایڈوائس نہیں لیں گے۔لاہور میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے بارے میں وہ اپنا فیصلہ آئین کے مطابق کریں گے۔انھوں نے کہا کہ اصغر خان کیس عدالت میں زیرسماعت ہے، تاہم اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ ہمارے خلاف ہر دور میں سازشیں ہوئی ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری سترہ مارچ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں نماز جنازہ کے دوران ہونیوالے خود کش دھماکے مین ہلاکتوں کی تعداد تیرہ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں واقع جنازہ گاہ میں ایک خاتون کی نماز جنازہ ادا کی جارہی تھی،کہ اچانک دھماکہ ہوگیا،جس سے انسانی اعضاءہر طرف بکھر گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خود کش تھا۔ جس میں13 افراد جاں بحق اور32 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اور خیبر ٹیچنگ اسپتال پہنچا یا گیا ہے۔ جہاں بیشتر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی جگہ سے خود کش جیکٹ کے ٹکڑے اور بال بیرنگز بھی ملے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر خوشدل خان چند لمحے پہلے جنازہ گاہ سے نکل گئے تھے اور بال بال بچ گئے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان نے کہا ہے کہ ہم اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں کئے گئے فیصلے پر قائم ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسفندیار ولی نے کہا کہ ہم پیپلزپارٹی کے اتحادی ہیں، اور ہم نے کبھی بھی اتحاد کے بدلے کچھ نہیں مانگا۔ انھوں نے کہا کہ حاجی عدیل نے نئیر بخاری کی بطور چیئرمین سینیٹ نامزدگی کے فارم پر بطور تائیدکنندہ دستخط کئے ہیں۔
افغانستان کے شہر قندھار میں امریکی فوجی کی فائرنگ سے سولہ افغان شہری ہلاک ہوگئے۔قندھار کے گورنر کے مطابق امریکی فوجی نے قندھار کے فوجی اڈے سے نکل کر شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کردی، جسکے نتیجے میں سولہ افراد ہلاک ہوگئے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی فوجی کی بلااشتعال فائرنگ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب نیٹو حکام نے کہا کہ امریکی فوجی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔اس میچ کیلئے پاکستان کی ٹیم میں محمد حفیظ، ناصر جمشید، اسد شفیق، یونس خان۔ مصباح الحق، عمر اکمل، شاہد آفریدی، سرفراز احمد، عمر گل، سعید اجمل اور اعزاز چیمہ شامل ہیں۔ بھارت ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔
