ہرنائی کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو تبدیل کیاجارہا ہے،چیف الیکشن کمشنر
مولاناشمس الرحمان کی نمازجنازہ ادا ہوگی،مختلف شہروں میں مظاہرہ
حکومت نے کنٹونمنٹ بورڈز کے صدر کی نامزدگی کا اختیار فوج سے لے لیا
کراچی: پورٹ قاسم پر کسٹم نے نیٹو کنٹینرز کی چوری ناکام بنا دی
اور
ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری
خبروں کی تفصیل:۔
قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولنگ کے عمل کا جائزہ لیا جارہا ہے، جہاں بھی کوئی مسئلہ ہوگا اسے حل کیاجائیگا۔کوئٹہ میں پوسٹل کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوران صرف ہرنائی میں مسئلہ سامنے آیا ہے جس کے حل کے لیے کمشنر سبی کو بھیجاجارہاہے، وہ ہرنائی میں انتخابی امیدواروں سے ملاقات کریں گے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہرنائی کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو تبدیل کیاجارہا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے حوالے سے قائم ہمارے کنٹرول روم کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں پولنگ کا عمل پرسکون انداز سے جاری ہے، اس سے قبل قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے عمل جائزہ لیا۔
اہلسنت و الجماعت پنجاب کے مقتول صدر مولانا شمس الرحمان کی نماز جنازہ مال روڈ پر ادا کی گی، قتل کے خلاف اہلسنت و الجماعت کی جانب سے تین روزہ سوگ جب کہ اتوار کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے، قتل کے خلاف آج بھی اہلسنت و الجماعت کے کارکنوں کا مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے۔ بستی سیدن شاہ میں مقتول رہنماکی رہائش گاہ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہلسنت والجماعت کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولانا اورنگ زیب فاروقی نے کہاکہ حکومت ان کے معاملے کوسنجیدگی سے نہیں لے رہی، قاتل گرفتار نہ ہوئے تو وہ نہ مقدمہ درج کرائیں گے اورنہ ہی میڈیا سے بات کریں گے۔ مولانا اورنگ زیب فاروقی نے کہاکہ سانحہ راولپنڈی کے ملزمان گرفتار ہو جاتے تو کراچی اور لاہور کے واقعات نہ ہوتے، نمازِظہر تک قاتل گرفتار نہ ہوئے تو احتجاجی تحریک کا اعلان کریں گے۔
ملک بھرکے کنٹونمنٹ بورڈزمیں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے ترمیمی بل2013 میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، مسلح افواج کے سربراہان کا کنٹونمنٹ بورڈکے صدرکی نامزدگی کااختیار ختم کردیا گیا۔ کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے نئے مسودہ قانون کے تحت اب صدرکا تقرر حکومت کرے گی جبکہ انتخابات حاضر سروس بریگیڈیئرکے بجائے الیکشن کمیشن کرائیگا۔ کنٹونمنٹ بورڈز ترمیمی بل2013 قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیاجہاں اب اس کی قسمت کا فیصلہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کرے گی۔
کراچی میں کسٹم انٹیلی جنس نے پورٹ قاسم پر کارروائی کرتے ہوئے نیٹو کنٹینرز کی چوری ناکام بنا دی اور چار ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ کراچی میں پورٹ قاسم کے قریب خفیہ معلومات کی بنیاد پر کسٹم انٹیلی جنس نے رات گئے کارروائی کرکے نیٹو کنٹینرز کی چوری ناکام بنادی۔ کارروائی کے دوران چار ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان نجی کمپنی کے یارڈ میں کھڑے نیٹو کنٹینرز چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ یہ کنٹینرز افغانستان سے کراچی آئے تھے۔ پانچ ٹریلرز میں سے دو ٹریلرز خالی ہیں جن کا سامان چوری کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر تین ٹریلرز پر نیٹو کی چھ گاڑیاں موجود ہیں اور ایک کنٹینراسپیئر پارٹس بھرا ہوا ہے۔ زیر حراست ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج گلگت بلتستان،کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویڑن اور قبائلی علاقوں کے چند مقامات پر ہلکی بارش اور اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ چترال میں سب ڈویڑن مستوج اور گرم چشمہ میں برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، جس کے بعد سرد ی بڑھ گئی ہے۔ دیامر کے پہاڑی علاقوں بابو سر، نانگا پربت، نیاٹ ویلی اور داریل تانگی میں برفباری کے باعث موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے بالائی پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں موسم ابرآلود ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں بھی سردی بڑھتی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کے علاوہ کشمیر، مالاکنڈ ہزارہ ڈویڑن اور گلگت، بلتستان اور قبائلی علاقہ جات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔