PPI News Bulletin 1300 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

مسلم لیگ ن نے بلوچستان میں سینیٹ کی عام نشستوں کے انتخابات کی دوبارہ گنتی کےلئے الیکشن کمیشن نے اپیل دائر کردی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار نواب شاہ کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا ہے کہ صوبائی پریذائیڈنگ افسر کو طریقہ کار کا علم نہیں تھا۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ صوبائی پریذائیڈنگ افسر نے جانبداری کا مظاہرہ کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں سینیٹ انتخابات کی دوبارہ گنتی میں سابقہ نتائج کو برقرار رکھا گیا تھا۔

سپریم کورٹ میں انتخابی فہرستوں کے کیس کی سماعت چودہ مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کے حوالے سے اپنا تحریری جواب جمع کرادیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی درستگی عوامی مفاد کا معاملہ ہے، لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن عدالتی احکامات پر عمل نہیں کرنا چاہتا۔جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکام عدالت کا احترام کرتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کا آج اعلان ہوجائے تو کیا ہوگا، فہرستیں تو تیار ہی نہیں، ووٹر لسٹیں نہیں تو 90 دن میں عوامی نمائندوں کا انتخاب کیسے ہوگا۔بعدازاں کیس کی سماعت متلوی کردی گئی۔

لاہور میں وکلا نے ایوان عدل میں سول جج کو تشدد کا نشانہ بناکر کمرے عدالت سے باہر نکال دیاہے۔تفصیلات کے مطابق ایوان عدل میں ایل ڈی اے کے خلاف ایک کیس کی سماعت کی جارہی تھی کہ وکلا کی سول جج سے تلخ کلامی ہوگئی ، جس پر وکلا نے سول جج پر نہ صرف تشدد کیا بلکہ انہیں کمرہ عدالت سے باہر نکال کر دروازے پر تالا لگا دیا،واقعے کے بعد سول ججز نے احتجاجاً اپنا کام چھوڑدیا۔

سینیٹ کے پارلیمانی سال کا آخری اجلاس آج شام پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ اجلاس دو سے تین دن تک جاری رہے گا، اس دوران اپنی مدت پوری کرنیوالے سینیٹرز اظہار خیال کریں گے، جبکہ نئے پارلیمانی سال کا پہلا اجلاس بارہ مارچ کو طلب کیا جائےگا، جس میں نئے منتخب ہونیوالے سینیٹرز حلف اٹھائیں گے ، جس کے بعد نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔

ایشیائی منڈی میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔سنگاپور کی نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں امریکی خام تیل کے اپریل کے سودے دو سینٹس کمی سے106 ڈالر70 سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔برینٹ نارتھ سی خام تیل کے سودے بغیر کسی تبدیلی کے123 ڈالر80 سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔

بنگلہ دیش نے پاکستان کے صرف ایک شہر لاہور میں ہی تینوں میچز رکھنے کی درخواست کردی۔اطلاعات کے مطابق پاکستان کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آنیوالے بنگلہ دیشی وفد نے پی سی بی سے درخواست کی کہ صرف ایک ہی شہر لاہور میں تینوں میچز کا انعقاد کرنا چاہئے۔چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہم مہمان بورڈ کی درخواست پر غور کریں گے، تاہم پہلے انہیں حکومت سے ٹیم بھیجنے کی اجازت لینی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات تو طے ہے کہ سیریز تین میچز پر مشتمل ہوگی، تاہم ابھی یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ تینوں ون ڈے ہوں گے یا کسی ایک میچ کو ٹی 20 میں تبدیل کردیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *