سپریم کورٹ میں اڈیالہ جیل کے لاپتا قیدیوں کے کیس کی سماعت سولہ مارچ تک ملتوی کردی گئی ہے۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔سماعت شروع ہوئی تو آئی ایس آئی اور ایم آئی نے گیارہ قیدیوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔تاہم عدالت نے حساس ایجنسیوں کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیدیا۔چیف جسٹس نے خفیہ ایجنسیوں کے وکیل کو کہا کہ وہ یہ رپورٹ پڑھ کر بہت حیران ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے خیال میں ہم یہاں بیٹھ کر ملک کے خلاف سوچتے ہیں۔ آپ جتنا خود کو ملک کا خیر خواہ سمجھتے ہیں ہم اس سے زیادہ ہیں۔ ان قیدیوں کو دیکھ کر اللہ کا خوف آتاہے۔ چیف جسٹس نے خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے یہ نہیں بتایا کہ ان لوگوں کو کیوں اٹھایا گیا اور یہ کونسی ایجنسی کے پاس تھے۔انکا کہنا تھا کہ ایک جان بھی چلی جائے تو اللہ کو جواب دینا ہوتاہے۔ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ گیارہ میں سے 4 افراد کیسے جاں بحق ہوئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ چیف سیکرٹری نے جامع رپورٹ جمع کرائی جو شاندار ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بچوں کی حالت دیکھ کر ماں مرگئی ہم ٹس سے مس نہ ہوئے۔ ایجنسیاں صرف وہ کام کریں گی جو قانون کے مطابق ہو۔بعد ازاں کیس کی سماعت سولہ مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
سپریم کورٹ نے بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو 8مارچ کو سنایا جائے گا۔ بابر اعوان کے خلاف یہ کیس اس وقت سامنے آیا تھا جب انہوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں تضحیک آمیز جملے استعمال کئے تھے جس پر ان کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا گیا تھا۔ آج ہونے والی سماعت میں بابر اعوان کے وکیل علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ پریس کانفرنس میں میرے موکل کی نیت توہین عدالت کی نہیں تھی۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ جب کوئی پیش ہوکر معافی مانگے تو عدالت کی عزت میں اضافہ ہوتا ہے۔ سماعت میں ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ بابراعوان نے معافی نہیں مانگی بلکہ افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ملک بھر میں گھی ملز مالکان کی ہڑتال جاری ہے جس سے کراچی میں گھی و خوردنی تیل کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے۔آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بختاور خان نے بتایا کہ بارہ روزہ ہڑتال کی وجہ سے تیل اور گھی کا بحران پیدا ہو چکا ہے جس سے گھی کے سولہ کلو کنستر کی قیمت میں اسی سے سو روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔دوسری جانب ریٹیلرز گروسرز ایسوسی ایشن کے ترجمان فاروق میمن کا کہنا ہے کہ گھی و خوردنی تیل کا بحران شدت اختیار کرگیا اور ان کی قیمتوں میں تیس روپے فی کلو اضافہ ہو چکا ہے۔
کراچی کی ٹیکسٹائل مل میں زہریلی گیس کے اخراج سے بائیس سالہ نوجوان جاں بحق اور پانچ خواتین سمیت گیارہ افراد بے ہوش ہوگئے۔ کراچی کے سائٹ ایریا میں غنی چورنگی کے قریب ٹیکسٹائل مل میں آج صبح زہریلی گیس خارج ہونے لگی۔ دم گھٹنے سے بائیس سالہ مزدور جاں بحق اور گیارہ افراد بے ہوش ہوگئے۔ ان میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔ نوجوان کی لاش اور بے ہوش افراد عباسی شہید اسپتال منتقل کردیئے گئے ہیں۔
ایشیائی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔سنگاپور کی نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں امریکی خام تیل کے اپریل کے سودے دس سینٹس کمی سے 106ڈالر97سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔برینٹ نارتھ سی خام تیل کے سودے08سینٹس اضافے سے122ڈالر74 سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔
سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے دبئی ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ اور برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے پہلے ہی کوارٹرفائنل میں پہنچ چکے ہیں۔ دبئی ٹینس کے تین مرتبہ کے فاتح اور سابق عالمی نمبرایک راجر فیڈرر نے ہسپانوی حریف کو اسٹریٹ سیٹ میں شکست دی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔آج صبح ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی07،قلات میں منفی 04جبکہ ہنزہ میں منفی03ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر چندشہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔اسلام آباد 07،لاہور09، کراچی18، پشاور07،کوئٹہ منفی02،مظفرآباد08، لاڑکانہ08،حیدرآباد12، ساہیوال06، سرگودھا05، بہاولنگر10، فیصل آباد09جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں05ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔
