گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ پر چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گونر پنجاب نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ صرف پنجاب میں ہوئی، چیف جسٹس ہر بات کا نوٹس لیتے ہیں، چیف جسٹس ہارس ٹریڈنگ پر بھی کارروائی کریں۔انھوں نے کہا کہ اسلم گل کی شکست پارٹی کا عدم اعتماد نہیں۔وفاداری بدلنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔دوسری جانب اسلم گل کی شکست پر پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت نے رپورٹ تیار کرلی ہے جس میں چھ ناموں کی نشاندہی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کے چھ ارکان نے فیصلے کی خلاف ورزی کی۔ان ارکان میں رانا رضوی، ثمینہ ناہید، جاوید علاﺅالدین، عبدالرحمان، نشاط ڈاہا اور رانا بابر شامل ہیں۔
بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدرپرویزمشرف کی جائیداد ضبطگی اوراکاو¿نٹس منجمد کیے جانے کے خلاف صہبامشرف کی درخواست کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہد رفیق نے صہبامشرف کی درخواست کی سماعت کی۔ صہبامشرف نے عدالت سے استدعا کی کہ منجمد کیے گئے اکاو¿نٹ میں موجود رقم سیلاب متاثرین کےلیے ہے۔ اس لیے بینک اکاو¿نٹس بحال کیے جائیں۔ نجی بینک کے قانونی مشیر نے عدالت کوبتایا کہ ٹرسٹ اکاو¿نٹ کسی فرد کا نہیں۔ ڈونرزکا ہے۔اکاو¿نٹ میں 1 کروڑ88 لاکھ روپے موجود ہیں۔بینکنگ قوانین کے مطابق اکاو¿نٹس منجمد نہیں ہوسکتا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کردی۔
لاہورمیں ڈینگی مچھر پھر حملہ آور ہوگیا ہے۔بخارمیں مبتلا مزیددو مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔ میواسپتال میں گزشتہ روزدومریضوں کوبخارہوگیا،اسپتال لانے کے بعدان کا ٹیسٹ لیاگیاتوانکشاف ہواکہ وہ ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہیں۔ڈاکٹروں کے مطابق مریضوں کو ڈینگی وارڈ میں منتقل کردیاگیا ہے۔
ملکی تاریخ میں گھی بنانے والے کارخانوں کی طویل بندش کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق وناسپتی انڈسٹری کی پندرہ روز سے جاری ہڑتال کے دوران گھی تیل فیکٹریوں کو یومیہ ایک ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، جبکہ حکومت کو ادا کئے جانیوالے کروڑوں روپوں کے ٹیکس بھی ادا نہیں کئے گئے۔بھاری ریونیو نقصان کے باوجود ایف بی آر کی جانب سے مسئلے کے دیرپا حل کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ کی یقین دہانیاں بھی مسئلہ حل نہ کرسکیں۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو گی۔ پاکستان کے وزیر داخلہ رحمن ملک اور پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش میں قریبی روابط ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔مصطفی کمال نے وزیر داخلہ رحمن ملک اور پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کو بھی بنگلا دیش کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔اس موقع پر مختصر گفتگو میں رحمن ملک کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کی خواہشات پر مبنی موثر سیکیورٹی پلان بنایاجائیگا اور ٹیم کو پاکستان آنے پر ہر جگہ مکمل سیکیورٹی دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلا دیشی ٹیم کو کہا ہے کہ جو بھی سیکیورٹی انتظام درکار ہوں،فراہم کرینگے۔
وادی سوات میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے برف کا میلہ یا سنو فیسٹیول آج سے مالم جبہ میں شروع ہو رہا ہے۔پاکستانی فوج کے زیراہتمام ایک ہفتے تک جاری رہنے والے فیسٹیول کا افتتاح ناروے کی سفیر کریں گی۔مالم جبہ کی برف پوش چوٹیوں پر شروع ہونے والے فیسٹیول میں پیراگلائیڈنگ، بچوں کے مقابلے اور اسکیٹنگ کے مقابلے ہوں گے۔پاک فوج کے مطابق اس فیسٹیول کا واحد مقصد سیاحوں کو سوات کی جانب متوجہ کرنا اور اس شعبے سے منسلک افراد کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم راولپنڈی، ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔آج صبح ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی06،اسکردو میں منفی 04جبکہ گوپس میں منفی03ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر چندشہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔اسلام آباد می07،لاہور11، کراچی20، پشاور08،کوئٹہ 05،مظفرآباد08، لاڑکانہ13،حیدرآباد16، ساہیوال08، سرگودھا10، بہاولنگر13، فیصل آباد10جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں09ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔
