سینیٹ انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی انیس نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ سر فہرست رہی ہے۔حزبِ اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز آٹھ نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہی۔ عوامی نیشنل پارٹی نے سات، مسلم لیگ ق، جمیعت علمائے اسلام ف اور ایم کیو ایم نے چار چار، بی این پی عوامی پارٹی نے دو اور مسلم لیگ فنکشنل نے ایک نشست حاصل کی ہے جبکہ پانچ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔جن چوّن نشستوں پر جمعہ کو انتخاب ہوا ان میں سے پچاس سینیٹرز کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے یہ نشستیںخالی ہوئیں جبکہ باقی چار اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں ہیں جو اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے تخلیق کی گئی ہیں۔104 اراکین پر مشتمل سینٹ میں اب پی پی پی سب سے زیادہ 41 سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے مسلم لیگ ن کو14 سیٹوں کے ساتھ دوسری اور اے این پی کو12 سیٹوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل ہے، تاہم بلوچستان کے نتائج روک دئے گئے ہیں، جن کے سامنے آنے کے بعد معمولی تبدیلی آنے کا امکان ہے۔
صوبہ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا اور ملزمان فرار ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال ڈیرہ بگٹی منتقل کردیا گیا ہے۔لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاحا ل ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہو گئے۔ امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 لگادی گئی۔لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ترجمان کے مطابق لاہور بورڈ کے زیراہتمام قصور،ننکانہ صاحب،شیخوپورہ اور اوکاڑہ اضلاع کے 4لاکھ 37 ہزار طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے اور یہ امتحانات17 مارچ تک جاری رہیں گے۔امیدواروں کے لئے 827 امتحانی سینٹرز بنائے گئے ہیں اورامتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت عملے اور امیدواروں کے امتحانی مراکز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہو گی۔ترجمان کے مطابق بورڈ کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت نے بھی بوٹی مافیا کی بیخ کنی کے لئے چھاپہ مارخصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے گیس لوڈ مینجمنٹ شیڈول کے مطابق سندھ بھر میں آج صبح9 بجے سے اتوار کی صبح9 بجے تک سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کردی گئی۔ ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس فراہمی منقطع ہونے کے باعث صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشن24 گھنٹوں کے لئے بند رہیں گے۔آج گیس کی بندش سے قبل ہی سی این جی پمپ پر گاڑیوں کی لمبی قطار گیس بھروانے کے لئے موجود تھی۔
لاہور میں کل میراتھن ریس کی تیاریاں مکمل کرلی گیں، تاہم اس میں خواتین کی شرکت پر پابندی ہے۔ البتہ خواتین کے لیے الگ سے ایک دوڑ کروائی جارہی ہے۔پنجاب میراتھن ریس اور فیملی فن ریس کے نام سے ہونے والی ان دونوں تقریبات کا اہتمام پنجاب سپورٹس بورڈ نے کیا ہے۔ لاہور میں میراتھن ریس کا انعقاد پانچ برس کے وقفے کے بعد کیا جارہا ہے۔لاہور میں آخری میراتھن دوڑ دوہزار سات میں ہوئی تھی اور مشرف حکومت کے خاتمے کے بعد پنجاب میں میراتھن نہیں کرائی گئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میںآج پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالراور دیگر اہم کرنسیوںکی قدر میں کمی سے دن کا آغاز ہوا۔فاریکس مارکیٹ ذرائع کے مطابق دن کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قیمت خرید 90 روپے90پیسے جبکہ قیمت فروخت91روپے15پیسے ریکارڈ کی گئی۔دیگر کرنسیوں کے ریٹس اسطرح ہیں۔ برطانوی پاﺅنڈقیمت خرید144روپے،قیمت فروخت145روپے30 پیسے، یورو قیمت خرید120روپے50پیسے، قیمت فروخت122روپے،سعودی ریال قیمت خرید 24 روپے15پیسے،قیمت فروخت 24 روپے35پیسے جبکہ جاپانی ین کی قیمت خرید ایک روپیہ 11پیسے، اور قیمت فروخت ایک روپیہ13پیسے ریکارڈ کی گئی۔
