ہیڈلائنز:۔
جسٹس تصدق حسین جیلانی نے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا
سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کیلئے چھ بنچ قائم
نوجوانوں کی پاک فوج میں نمائندگی دفاع پاکستان سے گہری وابستگی کا مظہر ہے، آرمی چیف
دہلی میں شہبازشریف کی بھارتی وزیراعظم سےملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اور
ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا
خبروں کی تفصیل:۔
جسٹس تصدق حسین جیلانی پاکستان کے اکیسویں چیف جسٹس بن گئے۔ صدر ممنون حسین نے نئے چیف جسٹس سے حلف لیا۔چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی ،جس میں صدر ممنون حسین ،وزیراعظم،وفاقی کابینہ کے ارکان، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اورآزاد کشمیر کے وزیراعظم نے بھی شرکت کی۔اس کے علاوہ حلف برداری کی تقریب میں سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار چودھری ،قومی اسمبلی کے اسپیکر،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،ہائی کورٹس اور فیڈرل شریعت کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان،ہائی کورٹس کے ججز بھی شریک ہوئے۔
سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کے لیے چھ بنچ قائم کردیئے گئے ،بینچ نمبر ایک کی سربراہی نئے چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی کریں گے۔مقدمات کی سماعت کے لئے تشکیل کردہ بنچ نمبر ایک میں چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی،جسٹس اعجاز احمد چودھری اور جسٹس شیخ عظمت سعید شامل ہیں۔بنچ نمبر دو میں جسٹس ناصر الملک،جسٹس گلزاراحمد اور جسٹس اقبال حمید الرحمان شامل ہیں۔بنچ نمبر تین میں جسٹس جواد ایس خواجہ،جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل ہو گا جبکہ جسٹس انور ظہیر جمالی،جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مشیر عالم بنچ نمبر4 کا حصہ ہونگے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہےکہ پاک فوج میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی شمولیت بلوچستان کی غیور عوام کی دفاع پاکستان سے گہری وابستگی کا مظہر ہے۔ کوئٹہ میں ای ایم ای ٹریننگ سینٹر میں بلوچ رجمنٹ کی پاسنگ آو¿ٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے قوانین میں نرمی کرکے بلوچستان کے نوجوانوں کو پاک آرمی میں بھرتی کرنے کےلئے خصوصی اقدامات کئے، یہ امر ہمارے لئے حوصلہ افزا ہے کہ 2010 سے لے کر اب تک 20 ہزار کے قریب بلوچ نوجوانوں نے پاک فوج میں شمولیت جب کہ 2 ہزار نوجوانوں نے پاک فوج کی سرپرستی میں آئی ایس ایس بی کی تربیت بھی حاصل کی۔
وزیراعلی پنجاب شہاز شریف نے نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم ہاو¿س میں دونوں رہنماو¿ں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، توانائی اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں امور خارجہ کے مشیر طارق فاطمی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعلی نے شہباز شریف نے بھارتی وزیراعظم کو وزیراعظم نواز شریف کا امن اور خیر سگالی کا پیغام دیا اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ وزیراعلی شہباز شریف بھارتی وزیراعلی پنجاب پرکاش سنگھ کی دعوت پر بھارت گئے ہیں، وہ 14 دسمبر کو کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
