پاکستان نے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل حتف ٹو کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زمین سے زمین پر مار کرنیوالے بلیسٹک میزائل حتف ٹو ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق یہ میزائل ایک سو اسی کلو میٹر دور تک مار کرسکتا ہے۔بیان کے مطابق حتف ٹو ابدالی میزائل جوہری سمیت ہر قسم کا وار ہیڈ لے کر جاسکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل کے کامیاب تجربے سے ملکی اسٹرٹیجک صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
سینیٹ انتخابات کو سپریم کورٹ میں چیلینج کردیا گیا۔ سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں ظفر اللہ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں سینیٹ انتخابات کو چیلینج کیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ووٹوں کی خریدو فروخت روکنے میں ناکام رہا ہے، لہذا سپریم کورٹ سینیٹ انتخابات دوبارہ کرائے۔
مسلم لیگ ہم خیال گروپ اور ن لیگ کے درمیان انتخابی اتحاد کیلئے حتمی مذاکرات آج لاہور میں ہوں گے۔ ن لیگ کی جانب سے چوہدری نثار، اسحاق ڈار اور خواجہ آصف جبکہ ہم خیال گروپ کی جانب سے کشمالہ طارق سلیم سیف اللہ،اور ہمایوں اختر مذاکرات میں شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق آج دونوں پارٹیوں میں معاملات طے پا جانے کا امکان ہے۔
پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ بعض جگہوں پرپھر سے شروع ہونے والی برف باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔پنجاب کے شہروں فیصل آباد ،جھنگ ،گوجرانوالہ اور گردونواح میں گزشتہ رات ہونیوالی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے،اسکردو سمیت بلتستان ڈویژن کے بعض علاقوں میں رات میں وفقہ وقفہ سے ہونیوالی برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے،تاہم موسم ابرآلود ہے۔اسی طرح آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ، باغ، ہٹیاں بالا اور مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کا اجلاس آج دبئی میں شروع ہوگا۔دو روز تک جاری رہنے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کریں گے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں توازن پیدا کرنے کے حوالے سے بحث کی جائے گی اور اس تاثر کو ختم کیا جائیگا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ پر اثر انداز ہو رہی ہے۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میںآج پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالراور دیگر اہم کرنسیوںکی قدر میں اضافے سے دن کا آغاز ہوا۔فاریکس مارکیٹ ذرائع کے مطابق دن کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قیمت خرید 91روپے جبکہ قیمت فروخت91روپے30پیسے ریکارڈ کی گئی۔دیگر کرنسیوں کے ریٹس اسطرح ہیں۔ برطانوی پاﺅنڈقیمت خرید143روپے80 پیسے،قیمت فروخت145روپے، یورو قیمت خرید119روپے60پیسے، قیمت فروخت121روپے،سعودی ریال قیمت خرید 24 روپے20پیسے،قیمت فروخت 24 روپے40پیسے جبکہ جاپانی ین کی قیمت خرید ایک روپیہ 11پیسے، اور قیمت فروخت ایک روپیہ12پیسے ریکارڈ کی گئی۔
