PPI NEWS Bulletin 1100 پی پی آئی نیو ز بلیٹن

ہیڈ لا ئنز:۔

ممنوعہ کیمیکل کیس میں نامزد ملزم علی موسیٰ گیلانی وطن واپس پہنچ گئے
طیارہ حادثہ، جائے وقوع پر ملبہ اکھٹا کرنے کا کام جاری
پشاور اور ڈیرہ اسمعیل خان میں شرپسندوں نے دو اسکول تباہ کردیئے
وزیرٹیکنیکل ایجوکیشن سندھ عبدالسلام تھہیم انتقال کرگئے
معروف سندھی گلوکار ماسٹر منظور کی مبینہ خودکشی
سلامتی کونسل شام میں تین سو مبصرین کی تعیناتی پر متفق
اور
ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا فاتحانہ آغاز

خبروں کی تفصیل :۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور ممنوعہ کیمیکل کیس میں نامزد ملزم علی موسیٰ گیلانی جنوبی افریقہ سے وطن واپس پہنچ گئے۔واضح رہے کہ ممنوعہ کیمیکل کیس میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے علی موسیٰ گیلانی کو ملزم نامزد کیا ہے اور انہیں تحقیقات کیلئے بھی طلب کیا ہے، جبکہ سپریم کورٹ نے بھی اس کیس کی آئندہ پیشی پر علی موسیٰ گیلانی کو طلب کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علی موسیٰ گیلانی نے وطن واپسی کا فیصلہ وزیراعظم کی ہدایت پر کیا ہے۔

راولپنڈی کے قریب کورال کے علاقے میں گرنے والے طیارے کا ملبہ اور شواہد اکھٹا کرنے کا کام آج بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں جائے حادثہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے وہاں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار طیارے کے بکھرے ہوئے حصوں کو اکھٹا کررہے ہیں۔دوسری جانب طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونیوالی تین خواتین کی تدفین سکھر کے علاقے رانی پور میں کردی گئی ہے۔

تعلیم دشمن عناصر نے صوبہ خیبرپختونخواہ میںمزید دو اسکول دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیے۔تفصیلات کے مطابق پہلا نشانہ پشاور کے علاقے متہراا کا پرائمری اسکول بنا جس کی عمارت دھماکا خیز مواد سے زمیں بوس ہوگئی۔پولیس موقع پر پہنچی اور وہاں نصب ایک اور بارہ کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا۔دوسرا سکول ڈیرہ اسماعیل خان میں نشانہ بنا۔شدت پسندوں نے یہاں بوائز مڈل اسکول کو ٹارگٹ کیا۔دھماکا خیز مواد پھٹنے سے اسکول کے دو کمرے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔اتوار کی چھٹی ہونے کی وجہ سے اسکول بند تھے اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سندھ کے وزیر برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن عبدالسلام تھہیم علالت کے باعث تریسٹھ سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔عبدالسلام تھہیم کافی عرصے سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔آج صبح چھ بجے وہ خالق حقیقی سے جاملے ،شہدادپور کے سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے عبدالسلام تھہیم سندھ کے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے وزیر تھے۔عبدالسلام تھہیم شروع سے ہی پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، مشرف دور میں وہ بی اے کی ڈگری نہ ہونے کی وجہ سے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے۔ مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین آبائی علاقے شہدادپور میں کی جائیگی۔

صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں سندھی زبان کے صف اول کے گلوکار ماسٹر منظور اپنے گھر پر مردہ پائے گئے ہیں۔علاقہ پولیس کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ خودکشی کا معاملہ لگتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماسٹر منظور کے بستر پر خون تھا اور ان کا ذاتی پستول ان کے قریب پڑا ہوا تھا۔ماسٹر منظور کا تعلق ضلع لاڑکانہ سے تھا لیکن ان کی رہائش حیدرآباد میں بھی ہے۔وہ شادی شدہ اور دو بچوں کے والد تھے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر شام میں 300 غیر مسلح فوجی مبصرین کی تعیناتی کی قرار داد منظور کر لی ہے۔ ابتدائی طور پر ان مبصرین کی تعیناتی تین ماہ کے لیے کی جائے گی۔ ان مبصرین کا بنیادی کام جنگ بندی کی نگرانی کرنا ہو گا۔ اس کے علاوہ یہ مبصرین اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے شام کے لیے خصوصی مندوب کوفی عنان کے چھ نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کی نگرانی بھی کریں گے۔

قطر کے دارلحکومت دوحہ میں ہونے والی ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف اور سلطان محمد نے اپنے اپنے میچز میں فتح حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں محمدآصف نے فلسطینی کھلاڑی خالد سلمان کوجبکہ سلطان محمد نے سری لنکن کیو ئسٹ کو باآسانی زیر کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *