صدر زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس تین ستمبر کو طلب کرلئے
کرا چی میں رینجرز کے چھا پے ، گرفتا ریو ں کے خلا ف شہریو ں کا احتجا ج
لاہور سمیت پنجاب کے اکثر میدانی علاقوں میں گرمی میں بتدریج اضافہ
پیرالمپک گیمز کاآغاز آج سے لندن میں ہورہا ہے
اور
پانچ سو والے پرانے نوٹ کی مدت ختم ہونے میں 32 دن باقی
Forex Rates
خبروں کی تفصیل:۔
صدر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس تین ستمبر کو طلب کر لیے ہیں۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایوان بالا اور ایوان زیریں کے اجلاس پیر تین ستمبر کو شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاوس میں طلب کیے گئے ہیں۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ایک ہفتہ سے زیادہ عرصے تک جاری رہے گا۔ اپوزیشن ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لئے قائم کردہ حکومتی کمیشن، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور سپریم کورٹ میں اہم نوعیت کے مقدمات جیسے معاملات ایوان میں اٹھائے گی۔
کراچی میں کئی دنوں سے جاری کشیدگی تاحال ختم نہیں ہو سکی ۔فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث 15 ملزمان کو گرفتار کرلیاا رات گئے علاقہ مکینوں نے رینجرز کی چھاپہ مارکارروائیوں اور حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کے لیے احتجاج کیا۔ جبکہ گزشتہ روز بھی فائرنگ کے واقعے میں سیاسی جماعتوں کے تین کارکن سمیت آٹھ افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔
پنجاب کے اکثر شہروں میں ایک بار پھر درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا۔ لاہور سمیت پنجاب کے اکثر میدانی علاقوں میں تیز دھوپ کے باعث گرمی میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی، سرگودھا سمیت بعض علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ صبح نو بجے اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور 30 ، فیصل آباد اور ملتان 32 اور گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
پیرالمپک گیمز آج سے لندن میں شروع ہورہے ہیں۔ لندن کے میئر بورس جونسن نے مقابلوں کو دیکھنے کےلیے گیارہ سومفت ٹکٹیں لندن کے کلبوں کو دینے کااعلان کیا ہے۔ جبکہ افتتاحی تقریب میں شرکت کےلیے آٹھ سو ٹکٹیں پولیس اور فوجیوں کودی جائیں گی۔انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ اور ویلز سے آئی شمعوں سے مغربی لندن کے اسٹیڈیم میں پیرالمپک مشعل روشن کی گئی۔ اور یہ مشعل آج بانوے میل کا سفر طے کر کے متعین کردہ مشرقی لندن کے اسٹریٹ فورڈ اسٹیڈیم پہنچائی جائے گی۔ آرگنائزرز کے مطابق مشعل کو پانچ سو اسی افراد ایک سوسولہ ٹیموں کی شکل میں مقرر کردہ جگہ پر لے جائیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے عوام الناس کو ہدایت کی ہے کہ تمام کمرشل بینکوں سے یکم اکتوبرکو بینکاری اوقات کے اختتام تک 500 روپے کے پرانے ڈیزائن والے بڑے سائز کے نوٹ تبدیل کرالیں۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد اسٹیٹ بینک اس کی قیمت کسی فرد یا بینک کو ادا کرنے کا ذمہ دار نہیں ہوگا۔ اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ اپنی برانچوں کو 500 روپے کے پرانے ڈیزائن والے بڑے سائز کے نوٹوں کی تبدیلی کے اوقات کی کڑی پابندی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کریں اور اس حوالے سے عوام کی آگاہی کے لیے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کریں۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میںآج پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالراور دیگر اہم کرنسیوںکی قدر میں اضافے سے دن کا آغاز ہوا۔فاریکس مارکیٹ ذرائع کے مطابق دن کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قیمت خرید 94روپے65 پیسے جبکہ قیمت فروخت95روپے ریکارڈ کی گئی۔دیگر کرنسیوں کے ریٹس اسطرح ہیں۔ برطانوی پاﺅنڈ قیمت خرید149روپے،قیمت فروخت150روپے، یورو قیمت خرید117روپے، قیمت فروخت119روپے،سعودی ریال قیمت خرید 25 روپے،قیمت فروخت 25 روپے35پیسے جبکہ جاپانی ین کی قیمت خرید ایک روپیہ17پیسے، اور قیمت فروخت ایک روپیہ20پیسے ریکارڈ کی گئی۔