سپریم کورٹ میں آج لاپتہ افراد کیس کی سماعت ہوگی
نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات 15 دسمبر کو ادا کی جائیں گے
اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری
آج بھر میں شہری ہوا بازی کا عالمی دن منایا جارہا ہے
اور
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان۔
خبروں کی تفصیل:۔
سپریم کورٹ میں آج لاپتہ افراد کیس کی سماعت ہوگی۔ عدالت نے 15 لاپتہ افراد کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ چیف جسٹس نے افغانستان جانے والے افراد کو بھی واپس لانے کا حکم دیا ہے۔لاپتہ افراد کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں 3رکنی بنچ کررہا ہے۔ کل وزیر دفاع خواجہ آصف نے عدالت کو 35 لاپتہ افراد کی معلومات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 2 افراد ہلاک ہو گئے ، 2 مالا کنڈ کے حراستی مرکز میں قید ہیں ، 7 آزاد اور 3 جنوبی وزیرستان میں ہیں ، یاسین شاہ سمیت 7 افراد کا کوئی پتا نہیں جبکہ 8 افراد رہائی کے بعد افغانستان چلے گئے اور وادی کنڑ میں ہیں۔
نسل پرستی کیخلاف جدوجہد کرنے والے عظیم رہنما نیلسن منڈیلا کی موت پر انہیں دنیا بھر میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات 15دسمبر کو ان کے آبائی گاوں میں ادا کی جائیں گی۔جوہانسبرگ میں نیلسن منڈیلا کے گھر کے باہر ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد کل سے جمع ہے اور دعائیہ گیت بھی گائے جا رہے ہیں۔نیلسن منڈیلا کو پاکستان میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں۔
اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔ایک ڈالر 108 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی رسد بہتر ہونے سے روپیہ مزید 20 پیسے مستحکم ہوا اور یہ ٹریڈنگ کے دوران 108 روپے 50 پیسے کی سطح پر آگیا۔اس کے علاوہ انٹر بینک میں ڈالر آج بھی 108 روپے 55 پیسے پر مستحکم ہے۔ اس طرح اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں ڈآلر کی قیمت کا فرق نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔اقتصادی ماہرین کا کہنا کہ روپے کی قدر میں درست استحکام کے لیے ضروری ہے کہ برآمدات میں اضافہ کرکے ملکی زرمبادلہ میں بہتری لائی جائے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہری ہوا بازی کا عالمی دن (انٹرنیشنل سول ایوی ایشن ڈے)7 دسمبر کو منایا جائے گا۔ یہ دن منانے کا مقصد انٹرنیشنل سول ایوی ایشن کی اہمیت کے متعلق شعور بیدار کرنا اور بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ کیلئے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔1996 میں اقوام متحدہ نے ایک قراداد کے ذریعے اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا اعلان کیاجس سے قبل یہ دن اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے تحت منایا جاتا تھا جو کہ ہوا بازی کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی معیار برقرار رکھنے کا ذمہ دار ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے چند شہروں میںآج درجہ حرارت کچھ اسطرح رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد24 اور06، لاہور26 اور08 ، کراچی31 اور13، پشاور27 اور07، کوئٹہ18 اورمنفی01، مظفرآباد25 اور06، فیصل آباد26 اور09، ملتان26 اور 11جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں زیادہ سے زیادہ 23 اور کم سے کم 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔