بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کا آج میلہ سج رہا ہے۔
نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات 15 دسمبر کو ادا کی جائیں گے
اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری
آج بھر میں شہری ہوا بازی کا عالمی دن منایا جارہا ہے
اور
سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ہمیشہ مضبوط ثابت ہوتی ہے، شاہد آفریدی۔
خبروں کی تفصیل:۔
بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کا میلہ آج سج رہا ہے۔ سات ہزار ایک سو نوے نشستوں پر اکہتر ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ آواران اور تربت میں پولنگ نہیں ہوگی۔بلوچستان کے بتیس اضلاع میں ک±ل سات ہزار ایک سو نوے نشستیں ہیں جبکہ چار ہزار ایک سو اڑسٹھ سیٹوں پر کل پولنگ ہوگی۔ صوبہ میں دو ہزار پانچ سو سات امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ پانچ سو پندرہ سیٹیں خالی قرار دے دی گئی ہیں جن پر بعد میں ضمنی الیکشن ہوگا۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے بتیس لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کے لئے مجموعی طور پر ساٹھ لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ پانچ ہزار سات سو اٹھارہ پولنگ سٹیشنز اور گیارہ ہزار آٹھ سو سینتالیس پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔دیہی کونسلوں میں عام ووٹر دو ووٹ کاسٹ کریں گے۔ ڈسٹرکٹ کونسل کے امیدواروں کے لیے سبز اور یو سی وارڈز کے امیدواروں کے لیے سفید رنگ کے بیلٹ پیپرز ہونگے۔
نسل پرستی کیخلاف جدوجہد کرنے والے عظیم رہنما نیلسن منڈیلا کی موت پر انہیں دنیا بھر میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات 15دسمبر کو ان کے آبائی گاوں میں ادا کی جائیں گی۔جوہانسبرگ میں نیلسن منڈیلا کے گھر کے باہر ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد کل سے جمع ہے اور دعائیہ گیت بھی گائے جا رہے ہیں۔نیلسن منڈیلا کو پاکستان میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں۔
اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔ایک ڈالر 108 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی رسد بہتر ہونے سے روپیہ مزید 20 پیسے مستحکم ہوا اور یہ ٹریڈنگ کے دوران 108 روپے 50 پیسے کی سطح پر آگیا۔اس کے علاوہ انٹر بینک میں ڈالر آج بھی 108 روپے 55 پیسے پر مستحکم ہے۔ اس طرح اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں ڈآلر کی قیمت کا فرق نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔اقتصادی ماہرین کا کہنا کہ روپے کی قدر میں درست استحکام کے لیے ضروری ہے کہ برآمدات میں اضافہ کرکے ملکی زرمبادلہ میں بہتری لائی جائے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہری ہوا بازی کا عالمی دن (انٹرنیشنل سول ایوی ایشن ڈے)7 دسمبر کو منایا جائے گا۔ یہ دن منانے کا مقصد انٹرنیشنل سول ایوی ایشن کی اہمیت کے متعلق شعور بیدار کرنا اور بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ کیلئے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔1996 میں اقوام متحدہ نے ایک قراداد کے ذریعے اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا اعلان کیاجس سے قبل یہ دن اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے تحت منایا جاتا تھا جو کہ ہوا بازی کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی معیار برقرار رکھنے کا ذمہ دار ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راو¿نڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ہمیشہ مضبوط ثابت ہوتی ہے اور نئے کھلاڑیوں سے قومی ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز سخت ہوگی لیکن یہ ہمارے لئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارت میں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں بھی اسپنرز نے بہت اچھا پرفارم کیا لہٰذا امید ہے کہ سری لنکن ٹیم کے خلاف بھی بولرز اچھا پرفارم کریں گے اور ویسے بھی ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم ورلڈ کپ سے قبل زیادہ سے زیادہ میچز اور سیریز جیتیں۔بلیٹن