PPI News Bulletin 0900 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ امریکا کے پاکستان سے تعلقات نازک اور چیلنجنگ ہیں لیکن وہ ہر حال میں تعلقات جاری رکھنا چاہتا ہے۔سینٹ کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں استحکام کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔امریکا پاکستان کا معاشی استحکام چاہتا ہے۔

امریکا نے اسامہ بن لادن آپریشن کے حوالے سے پاکستان میں قائم ایبٹ آباد کمیشن کو ایک خط بھجوایا ہے اور اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں موجودگی اور آپریشن کے حوالے سے کسی بھی سطح پر تعاون کرنے سے یکسر انکارکرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اس ضمن میں کوئی معلومات کمیشن کوفراہم نہیں کرسکتا۔امریکا نے ایبٹ آباد کمیشن کو ان کی جانب سے بھجوائے جانے والے خط کی تصدیق کی اور بتایا کہ کمیشن کے خط پر امریکی حکام سے ہدایات حاصل کی گئیں اور ان ہدایات کے ملنے کے بعد امریکی سفارتخانے نے ایبٹ آباد کمیشن کو پاکستان کے وزارت خارجہ کے ذریعے خط بھجوایا ہے اور اس خط میں کسی بھی قسم کا تعاون نہ کرنے کے بارے میں کمیشن کو آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع نے خط کی موصولی کے بارے میں تصدیق کردی ہے۔

سپریم کورٹ آج سولہ برس بعد اصغر خان کی درخواست کی سماعت کرے گی۔سابق ائر مارشل نے 1990ءکے انتخابات میں آئی ایس آئی کی جانب سے سیاستدانوں میں رقوم بانٹنے کا الزام لگایا ہے۔سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اصغرخان کی درخواست کی سماعت کرے گا۔مقدمے میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کو فریق بنایا گیا تھا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج پھر ہوگا، گزشتہ روز کمیٹی کے اجلاس میں اراکین کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے تھے۔کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس سید نوید قمر کی صدارت میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کو منصوبہ بندی کمیشن نے تجویز دی ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو خصوصی کارڈز جاری کرکے انہیں کم نرخوں پر پٹرول فراہم کیا جائے۔ اجلاس کے بعد نوید قمر نے میڈیا کو بتایا کہ کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا جس میں کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔

رواں مالی سال کے سات ماہ میں چالیس کروڑ ڈالر صرف موبائل فونز کی درآمد پر خرچ کردیئے گئے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق موبائل فون سیٹ کی درآمد میں اڑتیس فیصد اضافہ ہوا۔ذرائع کے مطابق پاکستان میں معاشی سست روی کے باوجود چار برس کے دوران سیلولرموبائل سیکٹر میں سات ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی۔

سات ملکی انٹرنیشنل اسنوکر چیمپئن شپ4 سے9 مارچ تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔ چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ مصر، بھارت، ایران، بحرین، تھائی لینڈ اور متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ کے مطابق بھارت کے علاوہ تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ویزا مل گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ فاتح کھلاڑی کو دو ہزار ڈالر اور ٹرافی جب کہ رنراپ کھلاڑی کو ایک ہزار ڈالر کا انعام بھی دیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم گلگت بلتستان میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پرہلکی برفباری کا امکان ہے۔آج ملک کے چند شہرو ں میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم در جہ حرارت کچھ اسطرح رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد18اور01، لاہور 18اور02،کراچی26 اور13، پشاور18اور04،کوئٹہ 11اور منفی06 ،مظفرآباد18 اور 01، لاڑکانہ24 اور05، حیدرآباد23 اور10، سکھر23اور06،ساہیوال 20 اور04، سرگودھا20اور01، بہاولنگر21 اور06، فیصل آباد19 اور03جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میںزیادہ سے زیادہ21 اورکم سے کم03ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *