صدر زرداری نے مخدوم شہاب الدین کو وزیر اعظم نامزد کر دیا
نیٹوسپلائی کی بحالی پر پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے،امریکا
مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا
کرا چی کے مختلف علا قوں میں رینجرز کا جرا ئم پیشہ افراد کیخلا ف ٹا ر گٹڈ آ پریشن
اور
یورو کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آ ج سے آغاز
خبروں کی تفصیل:۔
صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم کے عہدے کے لئے مخدوم شہاب الدین کو نامزد کردیا ہے،آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔مخدو م شہاب الدین کی نامزدگی کا فیصلہ صدر زرداری کی زیرصدار ت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس نے منگل کو مخدوم شہاب الدین کے نام پر اتفاق کر لیا تھا۔ راجہ پرویز اشرف متبادل امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ نئے قائدا یوان کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام ہورہا ہے۔ذرائع کے مطابق آج دوپہر دو بجے تک کاغذات الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
.امریکا نے کہا ہے کہ نیٹوسپلائی کی بحالی پر پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے، تاہم اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔واشنگٹن میں معمول کی بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ وکٹوریا نولینڈ نے کہا کہ سرحد پارعسکریت پسندی کا معاملہ دس سال سے زائد عرصے سے دیکھ رہے ہیں۔ وکٹوریا نولینڈ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور ایساف کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ افغان فورسز کی جانب سے سیکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد نیٹو افواج افغانستان سے روانہ ہوجائیں گی۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی میں پہلے جیسا مضبوط تعاون چاہتے ہیں، پاکستان میں تشکیل پانے والے نئے سیاسی سیٹ اپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا جس میں وزیر اعظم کےانتخاب کے حوالے سے حکمت عملی طےکی جائے گی۔ن لیگ کی پار لیمانی پارٹی کا اجلاس آج صبح 11 بجے پنجاب ہاو¿س میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے صدر نواز شریف کریں گے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے انتخاب اور سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔
کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا کے دوران 3 افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔لیاری کے مختلف علاقوں بغدادی، شاہ بیگ لین ، موسیٰ لی ، دریا آباد اور نیا آباد میں رینجرز نے کارروائی کی۔ آپریشن میں رینجرز کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ اور خواتین اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔۔کارروائی کے دوران 3 افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ رینجرز نے منشیات اور جوئے کے اڈوں پر بھی چھاپے مارے ہیں۔ کارروائیاں لی مارکیٹ سے کچھ افراد کے اغوءکی اطلاعات پر کی گئی۔
یورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہونے کے بعد ٹورنامنٹ کا اگلا مرحلہ آ ج چیک ری پبلک اور پرتگال کے درمیان مقابلے سے شروع ہوگا۔بائیس جون کو دوسرے کوارٹر فائنل میں جرمنی اور یونان آمنے سامنے ہوں گے۔تیسرے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپیئن اسپین کی ٹیم تئیس جون کو فرانس کے مدمقابل ہوگی۔جبکہ چوبیس جون کو انگلینڈ اور اٹلی آپس میں ٹکرائیں گے۔