وزارت عظمیٰ, اتحادیوں کا راجہ پرویز اشرف کے نام پر اتفاق
یوسف رضا گیلانی کی نااہلی ، سفیروں کیلئے مسائل پیدا ہوگئے
بلوچستان کے ضلع واشک میں چیک پوسٹ پر حملہ، 2 لیویز اہلکار جاں بحق
کابل میںطالبان کا ہوٹل پر حملہ، متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ
اور
پا کستانی کر کٹر سلما ن بٹ انگلینڈ سے لا ہو ر پہنچ گئے
خبروں کی تفصیل:۔
وزارت عظمیٰ کے عہدے کےلئے ایوان صدر میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں اتحادیوں نے پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ امیدوار راجہ پرویز اشرف کے نام پر اتفاق کر لیا ہے.ذرا ئع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماءخورشید شاہ آج صبح 11 بجے وزارت عظمیٰ کےلئے حتمی امیدوار کے نام کا اعلان کرینگے. اس سے قبل ایم کیو ایم نے وزارت عظمٰی کے عہدے کیلئے راجہ پرویز اشرف کے نام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا راجہ پرویز اشرف رینٹل پاور کیس میں بدنام ہو چکے ہیں۔ ایم کیو ایم نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کےلئے قمر زمان کائرہ کی حمایت جبکہ ق لیگ نے راجہ پرویز اشرف کے نام کی حمایت کی تھی۔ واضح رہے کہ راجا پرویز اشرف کو پیپلزپارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے نامزد کیا گیا ہے کیونکہ راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت کے جج شفقت اللہ نے گزشتہ روز ممنوعہ کیمیکل ایفیڈرین کوٹہ کیس میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار مخدوم شہاب الدین اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جس کے بعد مخدوم شہاب الدین کا نام وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی حیثیت سے واپس لے لیا گیا تھا. اب راجا پرویز اشرف پیپلزپارٹی کی جانب سے امیدوار ہوں گے۔
عدالتی فیصلے کے تحت یوسف رضا گیلانی کی نااہلی اور حکومت کے خاتمے سے اقوام متحدہ، امریکا اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں سیاسی تقرریاں پانے والے پاکستانی سفیروں کیلئے بھی متعدد قانونی اور سفارتی مسائل پیدا ہوگئے۔امریکا سمیت مختلف ممالک میں تعینات ان سفیروں کے منصب اور ملازمت کے بارے میں مختلف سوالات اٹھائے جارہے ہیں جن میں ایک اہم سوال یہ ہے کہ گیلانی حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی سیاسی تقرریوں والے یہ سفیر اپنے عہدوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں یا نہیں؟ کیونکہ سیاسی بنیادوں پر تقرر کرنے والی حکومت کے خاتمے یا سبکدوشی کے ساتھ ہی ایسے سفیر اپنے عہدوں سے بھی خودبخود سبکدوش ہوجاتے ہیں۔امریکا میں پاکستانی سفیر شیری رحمان کا کہناہے کہ انہیں واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تاحکم ثانی اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں۔ جبکہ اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر حسین ہارون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں اور مزید ہدایات یا استعفیٰ کی منظوری کے منتظر رہیں گے۔
بلو چستان کے ضلع واشک کے علاقے ناگ میں نامعلوم افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 2 اہلکاروں کو جاں بحق جبکہ ایک کو زخمی کردیا، حملہ آور اسلحہ اور وائریس سیٹ لے کر فرار ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار 4 مسلح افراد نے واشک کی تحصیل ناگ کی لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔ مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 لیویز اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک اہلکار نظام الدین زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق حملہ آور لیویز اہلکاروں کا اسلحہ اور وائر لیس سیٹ بھی لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر لیویز حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
کابل میں طالبان نے ایک ہوٹل پر راکٹوں اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا، ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔طالبان دہشتگردوں نے ہوٹل میں موجود عورتوں اور بچوں کو یرغمال بنا لیا ہے۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور طالبان دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔ ایساف کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ خود کش حملے سے ہلاک ہونے والوں میں پولیس اور عام شہری شامل ہیں۔
میچ فکسنگ کے الزام میں سزا یافتہ پاکستانی کرکٹر سلمان بٹ انگلینڈ سے ڈی پورٹ کئے جانے کے بعدوطن واپس پہنچ گئے،کرکٹرسلمان بٹ لندن سے براستہ دوحہ آنے والی پرواز کے ذریعے جب لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پہنچے تو ان کے مداحوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے،۔ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ میچ اسپاٹ فکسنگ سے میرا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی میں نے اپنے کیرئیر میں کبھی کسی آفر کو قبول کیا ہے۔سلمان بٹ نے کہا کہ میں قوم سے معافی مانگتا ہوں اور میرا قصور یہ ہے کہ میں نے آفر کرنے والوں کی باتیں کرکٹ حکام کونہیں بتائیں،سلمان بٹ نے کہا کہ وہ دو تین روز میں پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ بات کا جواب دیں گے۔