صدرآصف علی زرداری کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا۔جس سے خطاب میں صدرزرداری نے کہاکہ سینیٹ الیکشن سے جمہوریت کو استحکام ملا۔ ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں اتحادی جماعتوں سے متعلق معاملات پربھی غورہوا۔ترجمان ایوان صدرفرحت اللہ بابر کے مطابق قومی رہنماﺅں نے سینٹ انتخابات کرانے اورایوان بالامیں واضح برتری حاصل کرنے پرصدرزرداری کو مبارکباد دی۔اس موقع پرصدر زرداری نے کہا کہ مفاہمتی پالیسی سے سیاسی قوتیں مضبوط ہوئیں۔ اتحادی جماعتوں کی مدد سے حکومت نے سینٹ کے دوبار کامیاب الیکشن کرانے کااعزازحاصل کیا۔اجلاس میں چوہدری شجاعت، اسفندیارولی ، مشاہدحسین سید،،افراسیاب خٹک،ڈاکٹرفاروق ستار، بابرغوری،منیرخان اورکزئی اورنورالحق قادری نے شرکت کی ۔
ڈی سی او گوادر عبدالرحمان دشتی کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، ان کی لاش تربت کی سیاسی شخصیت میر امام کے بنگلے کے باہر کھڑی گاڑی سے ملی۔پولیس کے مطابق مقتول عبدالرحمان کلفٹن میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایم این اے یعقوب بزنجو کے والد میر امام کے گھر میں موجود تھے جہاں انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ عبد الرحمان دشتی پیر کی صبح تربت سے کراچی میں میر امام کے گھر پہنچے تھے۔ انہوں نے کراچی میں ایک اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالرحمان دشتی پر خود کار ہتھیار سے فائرنگ کی گئی۔ انہیں گھر کے اندر قتل کر کے لاش گاڑی میں رکھ دی گئی۔ ۔ واقعے کے بعد پولیس نے ایم این اے یعقوب بزنجو کے گھر پر چھاپہ مار کر اسلحہ برآمد کر لیا اورقاتلوں کی گرفتاری کے لیے کراچی سے باہر جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کر لی ہے۔ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔۔پولیس نے بنگلے کے 2 ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے۔
امریکا اور افغانستان کے درمیان طویل المدت اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے معاہدے پر بات چیت جمود کا شکار ہو گئی.اطلاعات کے مطابق امریکا اور افغانستان کے درمیان طویل المدت اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے معاہدے کے لیے تقریباّ ایک سال سے بات چیت جاری ہے،تاہم 2014کے بعد افغانستان میں امریکا کے کردار پر اختلافات دور کرنے کے لیے مذاکرات شکوک وشبہات کا شکار ہو گئے. افغان حکومت نے معاہدے پر دستخط کے لیے شرط رکھی ہے کہ امریکا اور نیٹو فورسز رات کے وقت افغان شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بند کریں اور حراستی مراکز کا کنٹرول دینے کا وقت متعین کیا جائے.افغان وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ بات چیت میں تعطل سے اسٹریٹجک پارٹنر شپ خطرات سے دوچار ہوسکتی ہے.
یمنی حکام کا کہنا ہے القاعدہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں مارے جانے والے فوجیوں کی تعداد سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پچاس کویرغمال بنالیا گیا ہے.یمنی حکام کے مطابقیہ واقعہ ملک کے جنوبی صوبے ابیان کے دارالحکومت زنجبار کے نواح میں اس وقت پیش آیا تھا جب پہلے شدت پسندوں نے فوج کی چوکیوں کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا. حکام نے کہا کہ جھڑپ میں القاعدہ کے پچیس شدت پسند بھی مارے گئے ہیں.برطانوی میڈیا کے مطابق یمن میں سابق صدر علی عبداللہ صالح کی اقتدار سے علیحدگی اور فروری میں منصور ہادی کے صدر بننے کے بعد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے.
۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں ہوا کا دباو¿ معمول کے مطابق ہے جس کے باعث میدانی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔ جہلم، لاہور، ملتان، اوکاڑہ اور ساہیوال میں درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جبکہ جھنگ میں 24 اور راولپنڈی میں 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران شمال مشرقی پنجاب، مالاکنڈ، ہزارہ اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
