وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی۔ سیکرٹری کابینہ اوردفاع نرگس سیٹھی اپنا بیان رکارڈ کرائیں گی۔جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا سات رکنی لارجر بنچ وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا۔ وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے بابر اعوان ، سیکرٹری قانون مسعود چشتی اور وزیراعظم کی سابق پرنسپل سیکرٹری نرگس سیٹھی کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو وزارت قانون کی جانب سے بھجوائی گئی سمریوں میں سوئس حکام کو خط نہ لکھنے کا مشورہ دیا گیا،وہ قانونی معاملات پر ملنے والی رائے پر عمل درآمد کے پابند تھے۔ ایک موقع پر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ عدالتی کارروائی کے نتیجے میں منتخب وزیراعظم کو سزا بھی ہو سکتی ہے، اس لئے انہیں دفاع کے تمام مواقع ملنے چاہئیں۔ےا د رہے کہ توہین عدالت کیس میں وزیراعظم گیلانی پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے اپراورکزئی ایجنسی میں 7خودکش بمباروں اور چھ غیر ملکیوں سمیت 20 شرپسند ہلاک کر دیئے۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی کاروائی کے دوران اپراورکزئی ایجنسی میں 7 خودکش حملہ آوروں، 6 غیرملکیوں سمیت 20 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔
امریکی صدر بارک اوباما کا کہنا ہے کہ انہیں افغانستان میں قرآن پاک کے جلائے جانے پر تشویش ہے، یہ واقعہ ایک اشارہ ہے کہ اب امریکی افواج کاافغانستان سے نکلنے کا وقت آگیا ہے. وائٹ ہاویس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان سے نکلنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اب القاعدہ یہاں فعال نہیں ہے اور افغانستان ایک مستحکم ملک بن چکا ہے. ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام کا حل سفارتی طورپر تلاش کئے جانے کا امکان موجود ہے. ایران پر عائد پابندیوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں. انھوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کرنے کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کو اس اقدام کی قیمت اور نتائج بتانا ہونگے.
شام میں حکومت مخالفین پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔فائرنگ کے واقعات مختلف شہروں میں پیش آئے جہاں حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے والے شہریوں پر سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کر دی۔ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
.آزاد کشمیر اور مری سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ رکنے کے بعد موسم خوشگوار ہے.گلگت بلتستان،مری ،مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویڑن میں برف باری کا سلسلہ تو رک گیا ہے تاہم کہیں کہیں موسم جزوی ابر آلود ہے اور سرد ہواچل رہی ہے. استور میں گزشتہ دنوں برفباری کے باعث موسم انتہائی سرد ہے .اس کے علاوہ شمالی بلوچستان میں چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین سمیت مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنی شروع ہو گئی ہیں
