PPI NEWS Bulletin 0800 پی پی آئی نیوز بلیٹ

ہیڈلائنز:۔

امریکا قبائلی علاقوں میں شورش برقرار رکھنا چاہتا ہے، عمران خان
جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز جیت لی
ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ شروع، گیس کمپنیز نے گٹھ جوڑ کرلیا
اور
فلپائن :سال کا بد ترین طوفان ہیان،3افراد ہلاک، سوا لاکھ دربدر

خبروں کی تفصیل:۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پاکستان کے طالبان سے ہونے والے ممکنہ مذاکرات کی کوششوں کو تباہ کرنا ہے اور اس کے پیچھے کوئی اور نہیں امریکا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن جان بوجھ کر طالبان سے ممکنہ مذاکرات کو سبوتاژ کررہا ہے۔ڈرون حملہ کرکے حکیم اللہ محسود کو مارنا اسی منصوبے کی ایک کڑی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اوباما سرکار یہ سوچتی ہے کہ اگر پاکستانی قبائلی علاقوں میں شورش چلتی رہے گی تو شرپسندوں کے افغانستان جاکر امریکی فوجیوں سے لڑنے کے امکانات کم سے کم ہوں گے اور امریکہ آسانی سے افغانستان سے نکل سکے گا۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کوچوتھے ون ڈے میں28 رنزسے شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی ہے،اس طرح پانچ ون ڈے میچ کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے ایک کے مقابلے میں تین میچوں میں کامیابی حاصل کرکے ون ڈے سیریز میں بھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ فیصلہ کیااور 50اوورز کھیلتے ہوئے 5وکٹ کے نقصان پر 266 رنزبنائے۔ جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 238رنزبناکرآوٹ ہوگئی۔

سردیوں کے آغاز پر ہی ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ شروع کردیا گیا ہے ،ایل پی جی ڈیلرز نے اس اضافے کو حکومتی ناہلی اور گیس کمپنیوں کا گٹھ جوڑ قراردیا۔ ایل پی جی ڈیلرز کے ترجمان عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہا توایل پی جی کی قیمت 250 روپے فی کلو تک جا پہنچے گی۔ یو ں تو ایل پی جی کا استعمال متبادل سستے فیول کے طور پرکیا جاتا ہے تاہم اسے بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا گیا ہے چند روز میں ذخیرہ اندوز قیمت 140 روپے کلو پر لے گئے ہیں ، لوگوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں سوئی گیس کا پریشر پورا نہیں ،مہنگی ایل پی جی کے ذریعے سردیا ں کیسے گزاریں گے۔
فلپائن میں سال کا بد ترین طوفان ہیان ٹکرانے کے بعد معمولات زندگی درہم بر ہم ہوگیا۔ اب تک 3افراد ہلاک اور سوا لاکھ سے زائد افراد گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔اب تک کا سب سے خطرناک سمندری طوفان ہیان ساحل سے ٹکرانے کے بعد اپنے پیچھے تباہی چھوڑ گیا۔ شدید بارشوں اور تیز ہواوں کے باعث بجلی اور مواصلاتی نظام تباہ ہوگیا۔ منیلا میں مٹی کاتودہ گرنے سے متعدد ٹیلی فون کی تاریں ٹوٹ گئیں۔