نیٹو کا نفر نس میں صدر زرداری کولیشن سپورٹ فنڈ کے ایک ارب ڈالر کا مطالبہ کریں گے،صدارتی ترجمان
شکاگومیں نیٹو کا سربراہ اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے
نیٹو سپلائی معاملے پر حکومت نے365 ملین ڈالر میں قوم کو بیچ دیا،عمران خان
کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں مز ید 5افراد جاں بحق
اور
بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا جولائی میں پاکستان کا دورہ کرینگے
خبروں کی تفصیل:۔
صدر ارتی ترجما ن فرحت اللہ با بر نے کہا ہے کہ اتحادی سپورٹ فنڈ پاکستان کا حق ہے، نیٹو کا نفر نس میں صدر زرداری کولیشن سپورٹ فنڈ کے ایک ارب ڈالر کا مطالبہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دنیا کے ساتھ ہیں لیکن پاکستان کے بھی کچھ مسائل ہیں، غربت کے خاتمے اور روز گار کی فراہمی کے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ فرحت اللہ بابر کا مزید کہنا تھا کہ صدر زرداری نیٹو کانفرنس میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔
امریکا کے شہر شکاگو میں نیٹو کا سربراہ اجلاس آج شروع ہو رہا ہے۔جس میں افغانستان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔اٹھائیس ممالک کے فوجی اتحاد کا اجلاس دو دن جاری رہے گا۔صدر آصف علی زرداری اتحادی ممالک کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش کریں گے۔ امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نیٹو سپلائی کے لئے پاکستان سے معاوضہ کم کرانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ دفاعی بجٹ میں کمی کے باعث پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک کسی صورت ادا نہیں کئے جاسکتے۔ امریکی وزیر دفاع اتحادی ممالک کو افغان جنگ کے خاتمے کے طریقہ کار پر بھی متفق کرنے کی کوشش کریں گے۔ ادھرنیٹو کے سیکرٹری جنرل آندرس فوگ راسموسن نے اپیل کی ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لئے مدد کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بغیر افغانستان کے مسائل کا حل ممکن نہیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی معاملے پر حکومت نے365 ملین ڈالر میں قوم کو بیچ دیا ،حکمرانوں سے یہی تو قع تھی۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ24 پاکستانی فوجیوں کو 90 منٹ تک فائرنگ کر کے قتل کیا گیا اور اس کی معافی بھی نہیں مانگی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف پارلیمنٹ کی 3 قراردادیں آچکی ہیں۔ہر قرارداد میں کہا گیا کہ ڈرون حملے ناقابل قبول ہیں۔ جب تک یہ نہیں رکتے نیٹو سپلائی بند رہے گی۔ان کاکہناتھا حکمران مکمل طور پر امریکا کی غلامی کر رہے ہیں،جیسے امریکا کہتا ہے ویسے اس کی خدمت کررہے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نیٹو سپلائی کھولنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہو کر پاکستانیوں کو کچھ نہیں ملے گا۔ صرف حکومت کو تھوڑے سے پیسے مل جائیں گے۔
کر اچی میں ٹا رگٹ کلنگ کا سلسلہ نہ رک سکا،اور فائرنگ کے واقعات میں مز ید 5افراد جاں بحق اور6زخمیہوگئے ۔اطلا عا ت کے مطابق لیاری میں نا معلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ہوگئے ،اس کے علا وہ مواچھ گوٹھ،شہید ملت روڈ اور کیماڑی میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3افراد جاں بحق گئے۔ادھرعیسیٰ نگری کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے تین افراد کو زخمی کردیا،واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ،اورنگی ٹاون میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اسپیشل برانچ کا سب انسپکٹر زخمی ہوگیا،بلدیہ ٹاون کے علاقے میں بھی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا۔
بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا رواں سال جولائی میں پاکستان کا دورہ کرینگے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایس ایم کرشنا نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ جولائی کے تیسرے ہفتے میں پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کرینگے۔اس دورے میں وہ اپنی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر کے علاوہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ملاقاتیں کرینگے جن میں دو طرفہ امور اور تمام اہم مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔