PPI NEWS Bulletin 0800 پی پی آئی نیوز بلیٹن

 

ہیڈ لا ئنز:۔

دفا عی کمیٹی کے اجلاس میں نیٹو سپلا ئی لا ئن کی بحا لی کا فیصلہ نہیں ہو سکا
سپریم کورٹ میں سٹیل ملز کرپشن کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا
وفاقی کابینہ کا اجلاس آ ج ہو گا
بھارتی جیل میں بیس سال سے قید ڈاکٹر خلیل چشتی رہائی ملنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
اور
یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر بمباری، خونریز جھڑپوں میں 32 افراد ہلاک

خبروں کی تفصیل:۔

وفاقی کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں نیٹوسپلائی کی بحالی کا حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔اسلام آباد میں کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہوا۔وزیراعظم ہاوس کے بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سلالہ چیک پوسٹ جیسے واقعے سے مستقبل میں بچنے کیلئے نیٹو اور ایساف کے ساتھ نئے سرحدی قواعد و ضوابط طے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیٹو سپلائی لائن بحالی میں پارلیمنٹ کی سفارشات مدنظر رکھی جائیں گی جس میں یہ بھی شامل ہے کہ نیٹوسپلائی کی بحالی کی صورت میں اسلحہ لے جانے کی اجازت کسی صورت میں نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سلالہ چوکی پرحملے پرمعافی کا معاملہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان فوجی سطح پرطے کیا جائے گا۔ اجلاس نے صدرکی شکاگو کانفرنس میں شرکت کی توثیق کر دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صدر کانفرنس میں نیٹو سپلائی کی بحالی کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کریں گے۔

سپریم کورٹ میں سٹیل ملز کرپشن کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سٹیل ملز کرپشن کیس کا فیصلہ سنائے گا۔ چیف جسٹس نے نومبر دو ہزار نومیں اس کرپشن کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ اور سماعت مکمل کرنے کے بعد پندرہ مارچ کو اس کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ کیس میں سٹیل ملز کی تحقیقاتی رپورٹ نے بائیس ارب روپوں کی کرپشن ریکارڈکی جبکہ ایک خودمختار ادارے کی فرانزک آڈٹ رپورٹ کے مطابق یہ کرپشن ساڑھے چھبیس ارب روپے کی تھی۔ ایف آئی اے نے سابق چر مین سمیت کچھ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائیں لیکن ملزمان کی اکثریت ضمانت پر رہا ہو گئی۔ چیف جسٹس نے ذمہ داران کے خلاف مقدمات نیب کو بھجوانے کی بھی ہدایت کی تھی اورمرکزی مقدمے میں فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس آ ج طلب کرلیا گیا۔ کابینہ کے اجلاس میں وزرات پانی و بجلی کے حوالے سے کابینہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ کے معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ پاکستان اور ترکی کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیئے مزاکرات شروع کر نے کی بھی منطوری دے گی۔ اسکے علا وہ اجلاس میں روز مرہ اشیاءکی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

بھارت کی جیل میں بیس سال سے قید ڈاکٹر خلیل چشتی رہائی ملنے کے بعدوطن واپس پہنچ گئے، ان کو خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا گیا۔بھارت میں قید ڈاکٹر خلیل چشتی آخر اپنے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ائرپورٹ پر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ان کا استقبال کیا۔ قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرخلیل چشتی کی رہائی غیر مشروط ہے واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے احکامات کے بعد 11 اپریل کو ڈاکٹر خلیل چشتی کو ضمانت پر جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔ 10 مئی کو بھارتی سپریم کورٹ نے ڈاکٹر خلیل چشتی کو پاکستان واپس جانے کی اجازت دی تھی۔

یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر بمباری اور خونریز جھڑپوں میں القاعدہ کے 23 جنگجوں سمیت کم از کم 32 افراد ہلاک ہوگئے۔مقامی حکام اور عینی شاہدین نے بتایا کہ ملک کے جنوبی صوبہ ربیان کے علاقے جبالیاں میں یمنی فوج اور مزاحمت کاروں کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ فوج نے جار شہر میں پیش قدمی کی ہے جس پر القاعدہ جنگجووں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ جھڑپوں میں اب تک کم از کم آٹھ جنگجو اور ایک یمنی فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔ علاوہ ازیں یمنی جنگی طیاروں نے جار شہر میں بمباری کرکے چھ شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ایک اور حملے میں شدت پسندوں کی دو مشتبہ گاڑیوں پر حملہ کر کے ان میں سوار سات افراد کو ہلاک کر دیا۔ ادھر قبائلی ذرائع کے مطابق جنوبی قصبے لادر کے نزدیک جھڑپوں میں آٹھ شدت پسند اور دو قبائلی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *