اسلم بیگ کا جوابی بیان حلفی زیر بحث آیا تو عدالت اس کے پیراگراف نمبر 14پر برہم ہوگئی ۔جس پر مرزا سلم بیگ نے عدالتی حکم پر معافی مانگی اور یہ پیراگراف حذف کردیا گیا۔ اصغر خان کے وکیل سلمان راجا نے اسد درانی کے بیان کا حوالہ دیا اور کہا کہ آئی ایس آئی چیف کے کہنے پر ڈی جی ایم آئی نے اکاﺅنٹ کھلوائے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وکلا بتائیں کہ تحقیقات کیسے ہوں۔ اکرم شیخ نے کہا کہ انکوائری کمیشن بنے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ، آئی ایس آئی کا سیاسی سیل ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں قائم ہوا اور اسے کالعدم قرار دیا جائے ۔ سلمان راجا نے عدالت سے درخواست کی کہ حلف کی خلاف ورزی کرنے والوں کو آئین سبوتاژ کرنے کے مترادف قرار دیا جائے ۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو سابقہ کمیشنز کی رپورٹس اور کلاسیفائیڈ دستاویزات عام کرنے سے متعلق حکومت سے پوچھنے اور آئی ایس آئی کے سیاسی سیل سے متعلق حکومت کا موقف بھی طلب کرلیا ۔ مقدمے کی مزید سماعت 14مارچ کو ہوگی ۔
سینٹ میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق بل دوہزار بارہ کی متفقہ منظوری دے دی گئی، جس کے تحت فوج اور خفیہ ادارے انسانی حقوق سے متعلق جوابدہ ہوں گے۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت شروع ہوا تو قائد ایوان نیئربخاری نے قومی اسمبلی سے منظور شدہ انسانی حقوق کمیشن کے قیام کا بل پیش کیا، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ سینیٹر پروفیسر خورشید نے کہاکہ خفیہ ایجنسیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر پہلی بار جواب دہ بنایا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی گئی ہے کہ کمیشن حقیقی طور پر آزاد ہو، اس قانونی بل کے مطابق انسانی حقوق کے غیرسرکاری اداروں کو اب بیرونی امداد حکومتی منظوری سے ہی ملے گی۔
سندھ اسمبلی مےں مہا جر صوبے کے قےام کی وال چاکنگ کے خلا ف مذمتی قرار داد منظور کر لی گئی ۔ قرارداد مسلم لیگ فنکشنل،
پیپلز پارٹی اور نیشنل پیپلز پارٹی کے ارکان نے پیش کی ۔ قرارداد پر بات کرتے ہوئے فنکشنل لیگ کی رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش قبول نہیں ، حکومت سازشی عناصر کو بے نقاب کرکے ان کے خلاف کارروائی کرے۔ صوبائی وزیر سسی پلیجو نے کہا کہ سندھ میں کوئی نیا صوبہ نہیں بن سکتا۔
لاہور ہائی کورٹ نے گیس لوڈمینجمنٹ پالیسی کے تحت پنجاب کے ساڑھے پانچ سو سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی روکنے کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا۔عدالت نے یہ حکم سی این جی اسٹیشنز کے مالکان محمد حسین وغیرہ کی درخواستوں کی سماعت کے دوران دیا۔ عدالت نے وزارت پٹرولیم، اوگرا اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کو نوٹس بھی جاری کر دئیے۔ درخواست گزاروں کا موقف تھا کہ گیس لوڈمینجمنٹ پالیسی آئین کے بنیادی حقوق کے منافی ہے، اس پالیسی کی وجہ سے نہ صرف کاروبار متاثر ہو رہے ہیں بلکہ عوام کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے، عدالت اس ا مر کا نوٹس لے اور گیس کی بندش کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔
بھارتی اسٹار بیٹسمین راہول ڈریوڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کردیا.بنگلور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاریں گے، ڈریوڈ نے بتایا کہ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے جگہ خالی کی ہے. 39 سالہ راہول ڈریوڈ سچن ٹنڈولکر کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں،انہوں نے 16 سالہ کیریئر کے دوران 164 ٹیسٹ میچوں میں 13288 رنز بنائے. وہ 2005 میں بھارتی ٹیم کے کپتان بھی رہے، حالیہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ناقص کارکردگی پر انہیں شدید تنقید کا سامنا تھا، اس دورے میں انہوں نے 8 اننگز میں صرف 194 رنز بنائے تھے.
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ہے. آزاد کشمیر میں پہاڑوں پر برفباری سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ تاہم وادی نیلم اور وادی لیپہ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث میدانی علاقوں میں سرد ہوا ئیں چل رہی ہیں۔کراچی سمیت سندھ ایک بار پھر سردی کی لپیٹ میں آگیا تاہم آئندہ چند روز میں بارش کا امکان نہیں۔ بلوچستان کے بیشتر علاقے بدستور سردی کی لیپٹ میں ہیں اور صوبے کے بیشتر علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مالاکنڈ ڈویژ ن، گلگت بلتستان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند ایک مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
