پینسٹھ کی جنگ کے عظیم قومی ہیروایم ایم عالم انتقال کرگئے
اُنیس سو پینسٹھ کی جنگ کے ہیرو اور سابق ایئر کموڈور محمد محمود عالم ( ایم ایم عالم ) آج کراچی میں انتقال کرگئے۔ ایم ایم عالم طویل عرصے سے بیمار تھے اور سانس کی بیماری میں مبتلا تھے۔ وہ پاک فضائیہ کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ مرحوم نے اپنے پیچھے تین بھائی اور ایک بہن سوگوار چھوڑی ہے۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ، محمد محمود عالم آج صبح کراچی میں انتقال کر گئے ،وہ طویل عرصہ سے علیل تھے۔
ایم ایم عالم کا یہ کارنامہ نہ صرف پاک فضائیہ بلکہ جنگی ہوا بازی کی عالمی تاریخ میں بھی ایک معجزہ تصور کیا جاتا ہے۔ سات ستمبر 1965کو ایم ایم عالم اور ان کی اسکواڈرن کے افسر جب سرگودھا کی ہواو¿ں میں معمول کی پرواز پر تھے تو کنٹرول ٹاور سے انہیں 5بھارتی ہنٹر طیاروں سے نمٹنے کا سگنل ملا۔ اس وقت بھارتی ہنٹرطیارے جنگی ترتیب میں پوزیشنز لیے ہوئے تھے۔ ایم ایم عالم نے فضائی جھڑپ میں دشمن کے 5 ہنٹر طیارے مار گرائے اور عالمی ریکارڈ قائم کیا۔17 روزہ جنگ میں ایم ایم عالم نے دشمن کے 9 طیارے مار گرائے اور ایک کو نقصان پہنچایا۔ اس بے مثال جرات اور بہادری کے بدلے ایم ایم عالم کو ستارہ جرات سے نوازا گیا۔
اپنے اس کارنامے کے بارے میں ایم ایم عالم کا کہنا تھا کہ انہیں خود بھی پتا نہیں تھا کہ وہ فضائی جنگ میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔ ہرین کے مطابق بھارتی لڑاکا طیارہ ہنٹر پاک فضائیہ کے سیبرطیارے کے مقابلے میں زیادہ جدید مانا جاتا ہے مگر پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحتیوں نے وسائل کی کمی کو آڑے نہ آنے دیا اور جنگ میں پاکستان کا پرچم بلند رکھتے ہوئے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
دفاع وطن کے حوالے سے عظیم خدمات انجام دینے پرانہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا۔