Babbu Baral’s Death Anniversary – معروف کامیڈین ببو برال کی برسی

پاکستان کے سٹیج ، ٹی وی اور فلم کے مقبول مزاحیہ اداکار ببو برال گوجرانوالہ کے قصبے گھکھڑ منڈی میں پیدا ہوئے، انکا اصل نام ایوب اختر تھا۔

ببو برال نے سنہ انیس سو بیاسی میں گوجرانوالہ سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا اور کچھ عرصہ کے بعد لاہور منتقل ہوگئے جہاں انہوں نے باغ جناح میں اوپن ائیر تھیٹر میں کام شروع کیا۔

ببو برال ابتدا میں ون مین شو کیا کرتے تھے، تاہم انہیں اسٹیج ڈرامے شرطیہ مھٹے سے ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔

تین عشروں پر محیط فنی زندگی میں ببو برال نے اداکاری کے علاوہ سٹیج ڈرامے لکھے اور ہدایات کاری بھی کی۔ببوبرال مزاحیہ فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ موسیقی و گائیکی سے بھی گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ اس قدر گہری دلچسپی کہ وہ پاکستانی سنگرز مہدی حسن، نورجہاں، نصرت فتح علی، طفیل نیازی، عالم لوہار، عنایت حسین بھٹی سمیت درجن بھر گلوکاروں کی نقل کرتے ہوئے ان کے انداز میں آسانی سے گا بھی لیا کرتے تھے، اسی طرح بھارتی اور ہالی وڈ سنگرز کے انداز میں گانے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتے تھے۔ پھر طبلہ، ڈھولک اور ہارمونیم بجانے کی بھی انہوں نے باقاعدہ تربیت لی تھی۔ببو برال نے بطور گلوکار اپنا ایک البم بھی ریکارڈ کرایا۔

ببو برال کی زندگی کی آخری فلم چناں سچی مچی تھی۔جبکہ بھا رت جا کر بھی انہو ں نے اپنے فن کا مظا ہرہ کیا ۔

ببوبرال اور مستانہ کی جوڑی نے مل کر کئی لازوال اسٹیج ڈرامے کئے اور ایک مشترکہ فلم بھی کی، اور اتفاق سے دونوں2011ءمیں ایک ہی مہینے میں دنیا سے رخصت ہوئے۔

ایوب اختر المعروف ببوبرال کو زندگی کے آخری ایام میں جگر کے کنیسر، گردوں اور شوگر کے امراض کا سامنا تھا، جس کے باعث وہ باون برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد لاہور کے مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئے۔