لیاری میں بکتر بند گاڑیوں پر 11 راکٹ فائر، 5اہلکار زخمی
لیا ری آپریشن بند کرنے کی صورت میں ہی گرفتاری دوں گا، عزیر بلوچ
صدر زرداری کی کراچی میں بلاتفریق آپریشن کی ہدایت
چوہدری نثار نے ایک با ر پھر وزیراعظم کو اسمبلی میں آنے کا چیلنج دے دیا
توانائی بحران کے باعث پاکستان کو سالانہ 400 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے ، عالمی بینک
اور
پاکستان ایشین اسکواش چیمپین شپ کے سیمہی فائنل میں پہنچ گیا
خبروں کی تفصیل :۔
لیاری کے مختلف علاقوں میں شرپسندوں کی جانب سے 11 راکٹ فائر کئے گئے۔ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقے افشانی گلی کے قریب پولیس کی بکتر بند گاڑیوں پر شرپسندوں کی جانب سے 11 راکٹ فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں 5پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ملزمان کی جانب سے نوالین، گبول پارک اور افشانی گلی کے اطراف بھی راکٹ حملے کئے گئے۔ دوسری جانب افشانی گلی کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ادھر وفا قی وزیرداخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ لیاری آپریشن بند نہیں کیا ،وقتی طور پر روکا ہے۔ خضدار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن میںوقفے کا مقصد عام معافی کے اعلان کے تحت ہتھیا ر پھینکنے کی مہلت فراہم کرنا ہے،اڑتالیس گھنٹوں میں جرائم پیشہ افراد ہتھیار پھینک دیں، ملزمان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائےگا، ان کا کہنا تھا کہ اگر جر ائم پیشہ عنا صر کی جانب سے ہتھیار نہیں پھینکے گئے تو پہلے سے بھی زیادہ شدت سے آپریشن کیا جائیگا۔
کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے رہنما عزیر بلوچ نے لیاری آپریشن فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ لیاری فٹبال گراﺅنڈ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عزیر جان بلوچ نے کہا ہے کہ آپریشن بند کرنے کی صورت میں ہی گرفتاری دوں گا اور پولیس کو نہیں رینجرز کو گرفتاری دوں گا۔انہوں نے کہا کہ لیاری میں قتل عام کے خلاف عدالت جائیں گے جہاں سے انصاف کی امید ہے۔اس مو قع پر انہوں نے آئندہ الیکشن لیاری سے لڑنے کا اعلان بھی کیا۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے عزیر جان بلوچ کے سر کی قیمت20لاکھ روپے مقرر ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ کراچی میں بلاتفریق آپریشن کیا جائے اور شہر میں قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ایوان صدر اسلام آباد میںہونے والی ملاقات میں کی۔ ملاقات میں اسپیکر سندھ اسمبلی نثارکھوڑواور صوبائی وزراءبھی موجود تھے۔ اس موقع پر سندھ کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات پر قانون سازی اور لیاری آپریشن کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات پر ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکاءنے اجلاس میں صدر زرداری کو کراچی میں قیام امن کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثارکاکہناہے کہ وزیراعظم پراعتماد کی قرارداد کی مدد سے حکومت کی ڈوبتی کشتی کو سہارادینے کی کوشش کی گئی، انھوں نے ایک بار پھر وزیراعظم کو اسمبلی میں آنے کا چیلنج دے دیا۔پارلیمنٹ ہاو¿س کے باہر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے چودھری نثارنے کہاکہ اسمبلی میں وزیراعظم پر اعتمادکی قراردادپر بحث ہی نہیں کرائی گئی،ان کا کہناتھاکہ جسے دولہابنایاگیا وہ خود اپنی بارات میں موجود نہیں تھا۔چوہدری نثارنے کہاکہ اگر وزیراعظم میں اتنی ہمت نہیں کہ اسمبلی میں آسکیں تو ان کے اقتدارسے چمٹنے رہنے کا کوئی جواز نہیں۔حکومت کے خلاف تحریک سے متعلق قائد حزب اختلاف کاکہناتھاکہ عوامی رد عمل اور مشکلات دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔چوہدری نثارنے یہ بھی کہاکہ حکومت کو عوام سے جوتیاں پڑنے کے خطرات ہیں۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ توانائی بحران کے باعث پاکستان کو سالانہ 400 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، لہٰذا اس شعبے میں اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔ عالمی بینک نے پاکستان پروگریس رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں گزشتہ 2 سالوں کے دوران بجلی کے نرخ 75 فیصد بڑھے ہیں ،مگر اب بھی بجلی اور گیس کے شعبوں میں مزید فوری اصلاحات کی سخت ضرورت ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 13-2012ءمیں پاکستان کی معیشت 4.2 فیصد کی رفتار سے ترقی کرسکتی ہے ،جبکہ مالی خسارہ 5.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 13-2012ءمیں پاکستان کی ٹیکس آمدنی معیشت کے 10 فیصد کے برابر ہوگی ،جو دوسرے ممالک کے مقابلے میں بہت کم شرح ہے۔
پاکستان ایشین اسکواش چیمپین شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ۔ کویت میں جاری سولہویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن پاکستان نے کو ارٹر فائنل میںہانگ کانگ کو دوصفر سے ہرادیا۔ کوارٹرفائنل میں پاکستان کے ناصر اقبال نے ہانگ کانگ کے لیو ایو کو گیارہ آٹھ، چار گیارہ، گیارہ آٹھ اورگیارہ نو سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں فرحان محبوب نے عالمی نمبر چھتیس میکس کے خلاف گیارہ تین، چھ گیارہ ، گیارہ سات اور گیارہ نو سے فتح حاصل کی اور پاکستان کو فیصلہ کن برتری کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچادیا۔