Sahir Ludhianvi’s Death Anniversary ساحر لدھیانوی کی بر سی

برصغیر کے معروف شاعر ساحر لدھیانوی کا اصل نا م عبدالحئی تھا، وہ 8 مارچ1921ءلدھیانہ کے ایک جاگیردار خاندان میں پیدا ہوئے۔طالب علمی کے زمانے میں ہی ان کا شعری مجموعہ تلخیاں شائع ہو چکا تھا۔ جس نے اشاعت کے بعد دھوم مچا دی تھی۔
1949ءمیں وہ لاہور سے بمبئی میں وارد ہوئے،اور اسی سال ان کی پہلی فلم آزادی کی راہ ریلیز ہوئی، ، لیکن اصل شہرت موسیقار ایس ڈی برمن کے ساتھ 1950ءمیں فلم نوجوان میں ان کے لکھے ہوئے نغموں کو نصیب ہوئی ان میں سے ایک گانے “ٹھنڈی ہوائیں” کی دھن تو ایسی ہٹ ہوئی کہ عرصے تک اس کی نقل ہوتی رہی۔
ایس ڈی برمن اور ساحر کی جوڑی نے یکے بعد دیگرے کئی فلموں میں کام کیا جو آج بھی یادگار ہے۔ ان فلموں میں بازی، جال،ٹیکسی ڈرائیور، ہاو¿س نمبر 44،منیم جی اور پیاسا وغیرہ شامل ہیں۔
ساحر کی دوسری سب سے تخلیقی شراکت روشن کے ساتھ تھی۔خصوصاً فلم برسات کی رات کے گانوں نے بھی بہت مقبولیت حاصل کی تھی۔ اس فلم کا گانازندگی بھر نہیں بھولے گی وہ برسات کی رات سال کا مقبول ترین نغمہ قرار پایا۔ اس کے علاوہ اسی فلم کی قوالی،نہ تو کارواں کی تلاش ہے نہ تو ہمسفرکی تلاش ہے۔آج بھی فلمی دنیا کی سب سے مقبول قوالی سمجھی جاتی ہے۔
ساحر نے کئی دوسرے موسیقاروں کے ساتھ بھی کام کیا ، جن کے ساتھ، ملتی ہے زندگی میں محبت کبھی کبھی، نیلے گگن کے تلے، چھو لینے دو نازک ہونٹوں کو، میں نے چاند اور ستاروں کی تمنا کی تھی،میں جب بھی اکیلی ہوتی ہوں اور دامن میں داغ لگا بیٹھے، اور ابھی نہ جاو¿ چھوڑ کر کہ دل ابھی بھرا نہیں،میں زندگی کا ساتھ نبھاتا چلا گیا، رات بھی ہے کچھ بھیگی بھیگی جیسے مقبول گیت شامل ہیں۔
گرودت کی پیاسا اور یش راج کی کبھی کبھی کی کہانی ساحر کی اپنی زندگی سے ماخوذ تھی۔
کبھی کبھی کے گیت کون بھول سکتا ہے جیسے کبھی کبھی میرے دل میں یہ خیال آتا ہے یا میں پل دو پل کا شاعر ہوں۔
انھوں نے اپنی فنی زندگی میں دوبار فلم فئیر ایوارڈ جیتے، جس میں پہلا 1964ءمیں فلم تاج محل کے گیت جو وعدہ کیا وہ بنھانا پڑے گا، اور دوسرا کبھی کبھی کی شاعری پر 1977ءمیں اپنے نام کیا۔
لیکن وقت نے ثابت کیا کہ ساحر پل دو پل کے شاعر نہیں تھے اور انہوں نے جو کچھ کہا وہ کارِ زیاں نہیں تھا۔ اس لیے 30 برس گزر جانے کے باوجود ان کے نغمے آج بھی عوام کے درمیان مقبول ہیں۔25 اکتوبر 1980ءکو اس البیلے شاعر کا ممبئی میں انتقال ہو ا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *