پاکستان اور برطانیہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم کو کام سے روکنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
سپریم کورٹ میں وفاقی وزیر داخلہ سے برطانوی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ طلب
بجلی کے بحران میں شدت، شارٹ فال آٹھ ہزار میگاواٹ سے تجاوز
شام کے دارالحکومت میں دو دھماکے، درجنوں افراد ہلاک
اور
لندن اولمپک کیلئے یونان میں مشعل جلانے کی تقریب
خبروں کی تفصیل :۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔لندن میں برطانوی وزیر داخلہ تھریسا مے سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ دہشتگردی کیلاف ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ تاجروں اور طلبہ کے لئے ویزے کا عمل آسان بنایا جائے گا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور ویزہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو کام سے روکنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں وزیراعظم کو سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کی سزا ملنے کو بنیاد بناکر کام سے روکنے کی استدعا کی ہے۔ہائیکورٹ میں درخواست کی ابتدائی سماعت کل ہوگی۔
سپریم کورٹ نے دوہری شہریت سے متعلق کیس میں وفا قی وزیر داخلہ رحمن ملک سے برطانوی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفیکیٹ طلب کر لیا۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ارکان پارلیمان کی دوہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ وفا قی وزیر داخلہ نے دوہری شہریت سے متعلق تحریری جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔ رحمن ملک نے اپنے جواب میں عدالت کو بتایا کہ نو سالہ جلا وطنی میں ان کے پاس برطانوی شہریت تھی جسے انہوں نے 25 مارچ 2008 کو عوامی عہدہ سنبھالنے سے پہلے ترک کر دیا تھا۔ جس پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے رحمن ملک سے برطانوی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفیکیٹ طلب کر لیا۔ رحمان ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ برطانیہ کے دورے پر ہیں کچھ وقت دیا جائے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ برطانیہ کے دورے پر ہیں تووہاں سے سرٹیفیکیٹ بھی لیتے آئیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت سولہ مئی تک ملتوی کر دی۔
ملک میں بجلی کا بحران دن بدن بڑھتا جا رہا ہے اور شارٹ فال ریکارڈ8 ہزار2سو میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ وزارتِ پانی وبجلی حکام کے مطابق بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 8 ہزار 2سومیگاواٹ تک ہو گیا ہے۔شارٹ فال بڑھنے کے بعد بڑے شہروں میں 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے،جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہات میں اس کا دورانیہ 22گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔وزارت پانی وبجلی کے ذرائع کے مطابق آئی پی پیز نے تیل اور گیس نہ ملنے کی وجہ سے بجلی کی پیداوار دینے سے معذرت کر لی ہے۔ادھر بدترین لوڈشیڈنگ سے کاروبارزندگی ٹھپ ہوکررہ گیا ہے،اورکئی علاقوں میں شہری پانی سے بھی محروم ہیں۔
شام کے دارالحکومت دمشق میں دو بم دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک جبکہ 70 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دھماکے دمشق کے جنوبی حصے میں حساس ادارے کی عمارت کے باہر ہوئے جس سے عمارت کو بری طرح نقصان پہنچا۔شامی حکومت نے ان دھماکوں کا الزام مسلح باغی گروپس پر عائد کیا ہے۔
یونان میں لندن اولمپک 2012 کی مشعل روشن کردی گئی۔ یونان میں اولمپکس کے جائے پیدائش شہر قدیم اولمپیا میں لندن اولمپکس کی مشعل روشن کرنے کی تقریب کا انعقاد ہوا۔قدیم یونانی لباس میں ملبوس ماڈلزنے مشعل روشن کرنے کے لیے روایتی طور پر عدسے کا استعمال کیا اور سورج کی کرنوں سے مشعل روشن کی گئی۔اب یہ مشعل یونان میں ایک ہفتے تک گھمانے کے بعد 18 مئی کو برطانیہ پہنچے گی۔