پیپلزپارٹی کارکنوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے، صدر زرداری
موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرنے سے پہلے منی لانڈرنگ پرقانون سازی کرے گی، وزیراعظم
گورنر بلوچستان نے صوبے میں گورنر راج کو عارضی قرار دیدیا
وزیر داخلہ رحمان ملک سے امریکی سفیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
برطانوی گلوکارہ آڈیل نے گریمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا
اور
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان
خبروں کی تفصیل:۔
صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کارکن پیپلزپارٹی کا سرمایہ ہیں اورہم ان کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔سروسز اسپتال لاہور میں صدر آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسرا کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی،صدرنے شوکت بسرا کوگلدستہ بھی پیش کیا، اس موقع پر گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود ، میاں منظور وٹو اور تنویراشرف کائرہ بھی صدر کے ہمراہ تھے۔شوکت بسرا سے گفتگو کرتے ہوئے صدرآصف زرداری نے کہا کہ وہ فکر نہ کریں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ہم ان کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز میٹروبس کے افتتاح کے موقع پر ینگ ڈاکٹرکی جانب سے کئے جانے والے احتجاج کے دوران شوکت بسرا بھی پہنچ گئے تھے اس دوران جب پولیس نے ینگ ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی شروع کی تو شوکت بسراکی پولیس سے ہاتھا پائی بھی ہوئی جس میں وہ زخمی ہوگئے ہیں اور سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرنے سے پہلے منی لانڈرنگ پرقانون سازی کرے گی۔ لندن میں برطانوی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں وزیراعطم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں برطانوی سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں سے افراط زور میں کمی اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ پاک بھارت تعلقات میں بہتری سے سرمایہ داروں میں احساس ذمہ داری بڑھے گا۔
گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی نے صوبے میں گورنر راج کو عارضی قرار دیدیا۔کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کے دوران نواب ذوالفقار مگسی نے کہا کہ بلوچستان میں گورنر راج عارضی ہے جسے عام انتخابات سے قبل اٹھالیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ مسائل عوامی نمائندوں کو ہی حل کرنے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عوام انتخابات میں سوچ سمجھ کے ووٹ استعمال کریں گے، اور ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔
امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیر داخلہ رحمان ملک سے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اسلام آباد میں ہونیوالی ملاقات میں امریکی سفیر نے پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی سفیر نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور فوج نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
لاس اینجلس میں گریمی ایوارڈ کی تقریب میں برطانوی گلوکارہ آڈیل نے بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔55 ویں گریمی ایوارڈ تقریب میں کئی ہالی وڈ ستارے موجود ہیں جبکہ تقریب کا پہلا ایواراڈ چوبیس سالہ برطانوی گلوکارہ آڈیل نے اپنے نام کیا۔آڈیل نے گلوکاری کا آغاز دو ہزار چھ میں کیا تھا۔چیزنگ پیومنٹ” اور “سم ون لائیک یو” جیسے گانوں نے انہیں مختصر عرصہ میں ہی عالمی شہرت دلا دی۔گریمی ایوارڈز تقریب میں 81 کیٹگریز کے لیے ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دیگر چند شہروں میں درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔ اسلام آباد 21اور04، لاہور23اور05، کراچی29اور13، پشاور22اور04، کوئٹہ18اور منفی 02، مظفرآباد20اور05، فیصل آباد22اور07، ملتان22اور10جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں 19 اور 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔