عمران خان کا ایک بار پھر چار حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ۔
آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، قربانیاں پیش کرنیوالوں کو خراج تحسین۔
نئے چیف جسٹس کے ہاتھ میں سپریم کورٹ کی باگ دوڑ محفوظ ہیں، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری۔
ججز نظربندی کیس، پرویز مشرف کیخلاف چوتھا چالان مرتب کرنیکا فیصلہ۔
پاکستان اور ایران کا گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنے پر اتفاق۔
اور
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری۔
خبروں کی تفصیل :۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر چار انتخابی حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کو سامنے نہ لایا گیا تو ملک کی جمہوریت تباہ ہوجائے گی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں صاف و شفاف انتخابات کیلئے بہت بڑا مظاہرہ کریں گے، چار حلقوں کی مکمل تحقیقاتی ہوگی تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ شفاف انتخابات کیلئے ملک بھر میں مظاہرے کرتے رہیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم خیبرپختونخواہ میں بائیو میٹرک سسٹم لارہے ہیں، سندھ اور پنجاب میں یہ نظام کیوں نہیں لایا جارہا۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے وہ ملک کے لئے قربانیاں پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور اورجوانوں سے ملاقات کی، اس موقع پر انہیں لائن کنٹرول کی موجودہ صورت حال اور پاک فوج کی استعداد کار پر بریفنگ بھی دی گئی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں کا بلند حوصلہ اور آپریشنل تیاریاں قابل تعریف ہیں اور وہ ملک کے لئے قربانیاں پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی سے ہی دہشتگردی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کے مطابق 65 سال کی عمر میں جج ریٹائر ہوجاتا ہے، اداروں میں تبدیلی نہیں ہوگی تو اس میں جدت نہیں آئے گی، دنیا میں جو چیز عارضی ہو اس کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیشہ شخصیات سے زیادہ ادارے اہم ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نئے چیف جسٹس کے ہاتھ میں سپریم کورٹ کی باگ دوڑ محفوظ ہیں۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اداروں کو اہم سمجھنا چاہئے، مجھے خوشی ہے کہ آج پاکستان میں ادارے مضبوط ہیں۔
سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس میں چوتھا چالان مرتب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے چالان کے لئے پولیس کو ہدایات جاری کر دیں۔سابق صدر کی جانب سے ججوں کو نظر بند کئے جانے اور ایمرجنسی کے نفاذ کے دوران استعمال ہونے والا آنسو گیس کا شیل بھی چالان کا حصہ بنایا جائے گا۔ ایڈووکیٹ انوار ڈار نے آنسو گیس کا شیل بطور ثبوت عدالت میں پیش کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید دو گواہ بھی چوتھے چالان میں شامل کئے جائیں گے۔ پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے پولیس کو متاثرہ ججوں کے بیانات کے لئے دوبارہ رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ججز نظر بندی کیس کے تین عبوری چالان عدالت میں پیش کئے جا چکے ہیں۔
پاکستان اور ایران نے گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا،دونوں ملکوں کے ماہرین کا اجلاس بھی بلایا جائے گا۔وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور ایرانی وزیر پیٹرولیم کے درمیان تہران میں ملاقات ہوئی جس میں گیس پائپ لائن منصوبے پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایرانی ہم منصب کو بتایا کہ توانائی بحران کے پیش نظر یہ منصوبہ ہمارے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گا ،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو بڑھانے پر زور بھی دیا گیا۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ فارمیٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق ٹاپ ٹین بلے بازوں میں شامل پاکستان کے مصباح الحق اور یونس خان تنزلی کاشکار ہوئے ہیں جبکہ سعید اجمل بالنگ کے شعبے میں چوتھے نمبر پر برقرار ہیں۔نئی رینکنگ کے مطابق بلے بازی کے شعبے میں جنوبی افریقا کی اجارہ داری برقرار ہے اور پہلی دونوں پوزیشنز پر بالترتیب ابراہم ڈی ویلئیرز اورہاشم آملہ براجمان ہیں، تیسرے نمبر پر کینگرو کپتان مائیکل کلارک جبکہ چوتھے نمبر پرسری لنکا کے کماراسنگاکارا ہیں، پاکستان کے مسٹر ٹک ٹک مصباح الحق پہلے دس بلے بازوں میں ساتویں سے آٹھویں جبکہ یونس خان نویں سے 10ویں نمبر پر آگئے ہیں۔بالنگ کے میدان میں بھی پروٹیز پیس اٹیک سب سے آگے ہیں اور جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین اور ورنون فلینڈر پہلی اور دوسری پوزیشن پر ہیں، تیسرے نمبر پر سری لنکا کے ہیراتھ جبکہ چوتھے نمبر پر پاکستان کے جادوگر اسپنر سعید اجمل موجود ہیں۔