PPI News Bulletin 2100 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

امریکا میں پاکستانی سفیر شیری رحمان نے بلوچستان پر امریکی کانگریس کی قراردادکے خلاف امریکی ایوان نمائندگان کوخط ارسال کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات پاک امریکا تعلقات میں بگاڑ کا سبب ہیں ان سے گریز کیا جائے ۔ خط میں بلوچستان کے معاملے پر امریکی قرارداد پیش کرنے پر تحفظات کا اظہار کیاگیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے ۔

حکومت نے بجلی چوری اور ادائیگیوں میں تاخیر کا جرمانہ بھی صارفین پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیاجس کے تحت رواں ماہ بجلی کے نرخ9 روپے 28 پیسے فی یونٹ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔وزارت پانی اور بجلی کے ذرائع کے مطابق بجلی چوری اور ادائیگیوں میں تاخیر کے باعث قومی خزانے پر دو ارب روپے کا اضافی بوجھ بڑھ رہا ہے۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور پن بجلی کے ٹیرف میں اضافے کے باعث بھی بجلی کی پیداواری لاگت میں پانچ ارب روپے ماہانہ اضافہ ہو گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے تقسیم کے نظام سے 24پیسے فی یونٹ کے حساب سے بجلی چوری ہورہی ہے، جبکہ پن بجلی کے ٹیرف میں 9 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوچکا ہے جس کے باعث رواں ماہ بجلی کے ٹیرف میں 6روپے 50پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ اضافے سے بجلی کی ابتدائی قیمت 9روپے 28پیسے فی یونٹ ہو جائے گی۔

سینیٹ کے نو منتخب 54 ارکان کل حلف اٹھائیں گے جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ہوگا ۔سینیٹ کا اجلاس کل صبح دس بجے پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں ہوگا جس کی صدارت صدر کے نامزد کردہ رکن افراسیاب خٹک کریں گے۔ اجلاس میں 54نومنتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے اور رول آف ممبرز پر دستخط کریں گے ۔ پہلے چیئرمین کا انتخاب اور ان کی حلف برداری ہوگی جس کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر حلف لیں گے۔ بعدازاں نومنتخب چیئرمین کی نگرانی میں ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب اور حلف برداری ہوگی۔ یہ عمل مکمل ہونے کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے ضمنی انتخابات میں خامیوں اور شکایت کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کل ارسال کی جائیں گی۔ سندھ میں ضلعی الیکشن آفسز نے صوبہ بھر سے انتخابی عمل میں خامیوں اور شکایات کی تفصیلات الیکشن کمیشن سندھ کو بھیج دی ہیں جس کے بعد یہ تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کی جائیں گی ۔ان خامیوں کے مطابق سندھ کے کئی ایم پی ایز سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کے نام اور دیگر اضلاع بلوچستان میں رجسٹر ہوگئے۔ ضلعی الیکشن دفاتر کی رپورٹ کے مطابق مردم شماری میں بنائے گئے بلاکس میں ووٹروں کے پورے بلاک ہی تبدیل ہوگئے ہیں جبکہ نادرا نے الیکشن کمیشن سندھ کے تصحیح شدہ ڈرافٹ الیکٹرول کا مکمل اندراج نہیں کیا۔

خیبرایجنسی میں ایک مکان سے گولیوں سے چھلنی چھ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ سے ملنے والی ان لاشوں کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ ان افراد کو پولیس نے پشاورسے گرفتار کیا تھا۔ باڑہ میں اس وقت حالات خرابی کے باعث کرفیو نافذ ہے جس کے باعث لاشوں کی شناخت سے متعلق معلومات حاصل نہیں ہوپارہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے ان ہلاکتوں کو پولیس مقابلے کا نتیجہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی فوجی کے ہاتھوں 16افغان شہریوں کی ہلاکت پر شد ید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کا قتل ناقابل معافی جرم ہے ۔ افغان صدر نے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کے ہاتھوں افغان شہریوں کا قتل دہشت گردی ہے اور اس جرم کے بدلے معافی نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ افغان شہریوں کا قتل عام کرتا پھرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *