ہیڈ لا ئنز:۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں8روپے 94پیسے تک اضا فے کا فیصلہ
سی این جی اور پٹرول کی قیمتوں میں فرق ختم کرنے کا فیصلہ
میموکمیشن کا اجلاس 5 اپریل کو طلب،حسین اور یا سین ملک کو پیش ہو نے کی ہدایت
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ارتھ آ ور منا یا جا رہاہے،غیر ضر وری بتیاں بند
اور
امریکا کا ایران کی جو ہر ی سر گر میوں پر تشو یش کا اظہا ر
خبروں کی تفصیل :۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آٹھ روپے 94پیسے تک اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرول 8روپے 2پیسے، ہائی اوکٹین 8روپے 94 پیسے، لائٹ ڈیزل پانچ روپے 45پیسے ،مٹی کا تیل پانچ روپے29پیسے اورہائی اسپیڈ ڈیزل 4روپے 70پیسے مہنگاءکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قیمتوں کے اس نئے اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 105روپے 68پیسے ، ہائی آکٹیں 135روپے 81پیسے ، مٹی کا تیل 101روپے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 98روپے 74پیسے ہوجائے گی۔
حکومت نے سی این جی اور پٹرول کی قیمتوں کے درمیان فرق کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور سی این جی پر 100 فیصد سرچارچ لگائے جانے کا بھی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق سی این جی کی قیمتوں میں 11 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے ،جس کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پٹرول اور سی این جی کی قیمتوں کے درمیان جو 55 فیصد کا فرق تھا اسے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
میمو کمیشن کا اجلاس 5 اپریل کو طلب کرلیا گیا، جس میں حسین حقانی اور یاسین ملک کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میمو گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والے میمو کمیشن کا اجلاس 5 اپریل کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے جس میں یاسین ملک کے بیان پر جرح کی جائے گی۔ میمو اسکینڈل کے مرکزی کردار حسین حقانی اور یاسین ملک کو بھی میمو کمیشن کے اجلاس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میمو کمیشن نے وزارت خارجہ کے حکام کو خفیہ دستاویزات سمیت 5 اپریل کے اجلاس میں طلب کیا ہے اور حسین حقانی کا امریکا میں بطور پاکستانی سفیر خفیہ خط و کتاب کا ریکارڈ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی زمین سے پیار اور توانائی کے بے دریغ استعمال کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تحت ارتھ آور منایا جا رہا ہے۔ کراچی میں مزار قائد پر ارتھ آور شروع ہوتے ہی غیر ضروری بتیاں بجھا دی جائیں گی، اسی طرح کراچی میں قائد اعظم انٹرنیشنل ائرپورٹ اور پشاور ائرپورٹ پر تمام نان آپریشن لائٹس بند کردی گئی۔ پنجاب اسمبلی کی عمارت پر لگی غیر ضروری روشنیوں کو بند کیا کر دیا گیا ہے ، جبکہ خیبر پختونخوہ ، بلوچستان اور قومی اسمبلی پر بھی ارتھ آور کے سلسلے میں انتظامات کیے گئے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ ایران کی جوہری سرگرمیوں پر عالمی برادری کو تشویش ہے۔ ایٹمی خطرات سے نمٹنے کیلئے عرب ممالک سے ملکر بہتر حکمت عملی بنانا چاہتے ہیں۔سعودی عرب کے دورے کے دوسرے روز دارالحکومت ریاض میں امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے خلیجی ممالک کے وزرا خارجہ سے ملاقاتیں کی اور ایران کے میزائل اور ایٹمی خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کو بہتر کرنے پر زور دیا۔ پہلے روز ہیلری کلنٹن نے سعودی بادشاہ اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کی۔ جس میں ایران، شام اور یمن سمیت مختلف تنازعات پر بات چیت کی اور خصوصی طور پر تیل سپلائی برقرار رکھنے کیلئے سعودی عرب کی بھرپور مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی حاصل کی۔
