PPI NEWS Bulletin 2100 پی پی آئی نیو ز بلیٹں

ہیڈلائنز:۔

میاں نواز شریف کی عوام سے لانگ مارچ کیلئے تیار رہنے کی اپیل
ہمیں چوہدری نثار اور شریف کورٹس کی تشریح کی ضرورت نہیں، وفاقی وزیر اطلاعات
لیاری میں ایک بار پھر آپریشن کی تیاریاں، رینجرز کی بھاری نفری تعینات
تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت قرار،امریکی سروے
پشاور سے پنجاب اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، تین ملزمان گرفتار
اور
پاکستان نے ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

خبروں کی تفصیل:۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جب تک سوئس اکاﺅنٹس میں موجود 6کروڑ ڈالر واپس نہیں آئے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ٹیکسلا میں حکومت مخالف احتجاج کے سلسلے میں پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ حکومت چاہے جو مرضی کرلے اسے عدالتی احکامات کے تحت خط ضرور لکھنا پڑے گا۔انھوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین خطرے میں ہے،پاکستان کی سا لمیت کو بچانے کیلئے ہم میدان میں نکلے ہیں عوام کو بھی پاکستان بچانے کیلئے نکلنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے،آپ لوگ ایک مرتبہ پھر لانگ مارچ کی تیاری کر لیں۔میاں نواز شریف نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن کو سراہ کر حکمرانوں نے پاکستان کی خود مختاری کو مذاق بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی ہے جسے بلوچستان، لیاری اور کراچی کے امن کی فکرہو یہ قانون کی حکمرانی کی نہیں اقتدار کی جنگ ہے۔میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ قوم کی خوشیاں حکومت نے چھینیں،انہیں بے روز گار کیا اور توانائی بحران سے دو چار کر دیا، حکمران جواب دیں کہ انھوں نے 5سال میں کیا کچھ کیاہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سوا تمام جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں، ہمیں چوہدری نثار اور شریف کورٹس کی تشریح کی ضرورت نہیں۔ٹیکسلا میں میاں نواز شریف کے خطاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ توہین عدالت کیس کا تفصیلی فیصلہ آیا نہیں اور شریف برادران لانگ مارچ کرنے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر اپیل میں وزیراعظم کو عدالت نے بری کردیا تو ن لیگ منہ دیکھتی رہ جائے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ تفصیلی فیصلہ آنے تک شریف برادران کا اظہار نامناسب ہے، شریف برادران اس طرح عدالت پر دباﺅ ڈالنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شریف برادران پرویزمشرف کے ساتھ کئے گئے این آر او کا جواب دیں۔

کراچی کے علاقے لیاری میں حکومت نے ایک بار آپریشن کی تیاری کرلی۔ اطلاعات کے مطابق لیاری کے داخلی اور خارجی راستوں پر رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی مہلت ختم ہونے کے بعد رینجرز کے تعاون سے پولیس ایک بار پھر لیاری میں آپریشن شروع کر دے گی۔

ایک امریکی سروے میں پاکستان تحریک انصاف کو پاکستان کی مقبول ترین جماعت قرار دے دیا گیا۔امریکہ کے انٹرنیشنل ری پبلکن انسٹیٹوٹ کے سروے کے مطابق تحریک انصاف کو 31 فیصد پاکستانی شہریوں کی حمایت حاصل ہے، اس طرح وہ اس وقت ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔دوسرے نمبر پر مسلم لیگ ن کو 27 فیصد ووٹرز کا ساتھ حاصل ہے، جبکہ پیپلزپارٹی کو 16 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔سروے کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ ن سب سے مقبول جماعت ہے، جبکہ سندھ میں یہ اعزاز پیپلزپارٹی کے حصے میں آیا ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں تحریک انصاف سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے۔

پشاور پولیس نے دو مختلف کارروائیوں میں بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پشاور کے نواحی علاقے ارمڑ میں پولیس نے ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی کو روکا اور تلاشی لینے پر اس کے خفیہ خانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں 22 ریپیٹراور چالیس پستول شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسلحہ پنجاب سمگل کیا جا رہا تھا اور اسے دہشتگردی کی کارروائی میں استعمال کیا جا سکتا تھا۔ گرفتار ہونے والے ملزم کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے۔ ایک دوسرے واقعے میں بھانہ ماڑی پولیس نے بھی مشکوک گاڑی کی تلاشی لینے پر خفیہ خانوں سے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔

پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دیکر مسلسل دوسری بار ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ کویت میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو دو صفر سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔پاکستان کی جانب سے فرحان محبوب اور فرحان زمان نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کو ایشین چیمپئن بنایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *