کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں پانچ افراد ہلاک
مسلم لیگ ن پنجاب میں جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرتی ہے، وفاقی وزیر داخلہ
بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے صوبے کی نئی حد بندی کی تجویزپیش
وکلاءگردی ، فیصل آباد میں وکیل نے جج کے منہ پر جوتا دے مارا
بجلی کے بحران سے عوام پریشان
اور
انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کیلئے پی سی بی کے ٹرائلز ختم
خبروں کی تفصیل :۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں آج فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے کٹی پہاڑی کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کر کے تین افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دو افراد کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے دو موٹر سائیکلوں کا آگ لگا دی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر نے پیپلز پارٹی کے کارکنان کو صبر کا دامن نہ ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے قبل آج فائرنگ کے دیگر واقعات میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرتی ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میاں نواز شریف اب کالعدم پیپلزامن کمیٹی کی پشت پناہی کرنا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کو پارٹی میں شمولیت کے پیغامات بھیجنا افسوسناک ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام کی سہولیت کیلئے لیاری آپریشن روکا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم عوام کو مشکلات میں نہیں ڈال سکتے،لیاری میں معمولات زندگی بحال ہونا خوش آئند ہے۔
جمہوری وطن پارٹی نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے صوبے کی نئی حد بندی کی تجویز پیش کردی۔ کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کے دوران جمہوری وطن پارٹی کے رہنماءجمیل بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلیے صوبے کی نئی حدبندی کی جاسکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کونئی حدبندی کے تحت بلوچستان میں شامل کیاجائے۔انکا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام ریفرنڈم کراکے صوبے کوآزادی دی جاسکتی ہے۔جمیل بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات کرنے والے ہی یہاں حالات ٹھیک کرسکتے ہیں۔
فیصل آباد میں ایک وکیل نے مقدمے کا فیصلہ حق میں نہ دینے پر جج کو جوتا مار دیا۔اس واقعے کے بعد فیصل آباد کے ججوں نے عدالتی کام چھوڑ دیا جبکہ متعلقہ وکیل کی رکنیت معطل کر دی گئی۔فیصل آباد کی ضلعی بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر افضل ڈوگر کے مطابق یہ واقعہ آج ایڈیشنل سیشن جج اسد علی کی عدالت میں پیش آیا۔چودھری مسعود احمد نامی وکیل نے مقدمے کی ایک عدالت سے دوسری عدالت منتقلی کی درخواست دائر کی تھی جسے ایڈیشنل سیشن جج اسد علی نے مسترد کردیا۔ضلعی بار کے عہدیدار کے مطابق چودھری مسعود کی ایڈیشنل سیشن جج کے ساتھ درخواست مسترد کرنے پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد وکیل نے جج کو جوتا مار دیا۔واضح رہے کہ کسی وکیل کی جانب سے جج کے ساتھ بدتمیزی کا یہ تیسرا واقعہ ہے جو گزشتہ چھ ماہ کے دوران فیصل آباد کی ضلعی بارایسوسی ایشن میں پیش آیا ہے۔ادھر فیصل آباد کی ضلعی بار ایسوسی ایشن کے صدر منور سندھو نے بتایا ہے کہ جج کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے وکیل کی بار ایسوسی ایشن کی رکنیت معطل کردی گئی ہے اور بار کا اجلاس سات مئی کو طلب کرلیا گیا ہے۔
ملک میں بجلی کا بحران جاری ہے، جسکے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پیپکو کے مطابق بجلی کی پیداوار 11 ہزار 314 میگا واٹ جبکہ طلب 14 ہزار 814 میگا واٹ ہے۔ شارٹ فال ساڑھے تین ہزار میگا واٹ ہونے سے شہروں میں 16 گھنٹے جبکہ دیہات میں 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث مختلف علاقوں میں لوگوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے ہونے والے چھ روزہ ٹرائلز لاہور میں ختم ہو گئے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے چھ روزہ ٹرائلز میں 75کھلاڑیوں کو بلایا گیا تھا۔ سلیکشن کمیٹی نے ان کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ ٹرائلز میچز کے ذریعے لیا اور تیس کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی، جو آئندہ دو روز میں پی سی بی کو جمع کرائے جائے گی۔