وزیراعظم کو کابینہ کی تشکیل میں مشکلات کا سامنا، ق لیگ کے دو ارکان کا شمولیت سے انکار
ملک بھر میں ہفتہ وار تعطیل کے با جود بجلی کی لو ڈ شیڈنگ کاسلسلہ جا ر ی
خیبرپختونخوا میں سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا
ترک طیارے کو تباہ کرنے پر نیٹو نے منگل کو اجلاس طلب کرلیا
نیشنل جونیئر ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ 27 جون سے شروع ہوگی
اور
پنجاب کے مختلف شہروں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع
خبروں کی تفصیل:۔
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو اپنے انتخا ب کے بعد وفاقی کابینہ کی تشکیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے پارلیمانی لیڈر فیصل صالح حیات نے کابینہ میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے ، جبکہ راضا حیات ہراج نے وزیرمملکت برائے دفاعی پیداور بننے سے انکار کردیا۔ راجہ پرویز اشرف ملک کے نئے وزیراعظم تو بن گئے لیکن توانائی بحران کے بعد انہیں وفاقی کابینہ تشکیل دینے کا اگلا مسئلہ درپیش ہے ۔میڈیا سے گفتگو میں فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ رینٹل پاور پلانٹ کیس میں ان کا موقف اصولوں پر مبنی ہے ،اس کیس میں سپریم کورٹ نے راجہ پرویز اشرف کی گرفتاری کا حکم دیا تھا لیکن سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود راجہ پرویز اشرف کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ میں کرپٹ وزیراعظم کی کابینہ میں شامل ہوکر خود کو گرانا نہیں چاہتا ۔ دوسری جانب ق لیگ کی اعلیٰ قیادت کی فیصل صالح حیات کو کابینہ میں شامل کرنے کی تما م کوششیں ناکام ہوگئی ہیں ۔ نئی کابینہ میں اب ق لیگ کے چار وزراءحلف اٹھائیں گے جن میں جان محمد یوسف، سردار طالب نکئی، شیخ وقاص اکرم اور سردار بہادر خان شامل ہیں۔
ملک بھرمیں طویل لودشیڈنگ کا سلسلہ جا ری ہے ۔ اطلاعات کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 6300 میگاواٹ سے زائد ہونے کے باعث ہفتہ وار تعطیل کے باوجود شہری علاقوں میں بارہ سے چودہ جبکہ دیہات میں اٹھارہ سے بیس گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
نادرا نے خبیر پختونخوا میں سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کردیا ،اگلے مرحلے میں شدت پسند قیدیوں کا ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی نے سینٹرل جیل پشاور سمیت صوبے بھر کی جیلوں میں سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کاریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کردیا ہے جبکہ نادرا اب دوسرے مرحلے میں شدت پسند قیدیوں کا ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کرے گا۔ تیسرے مرحلے میں عام قیدیوں کاریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔ خبیرپختونخوا سمیت ملک بھر کی جیلوں کے قیدیوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ وفاق کی جانب سے کیا گیا تھا۔
نیٹو نے شام کی جانب سے ترکی کے طیارے کو گرائے جانے کے معاملے پر منگل کو اجلاس طلب کرلیا۔ نیٹو ترجمان کے مطابق نیٹو کا اجلاس بلانے کی درخواست ترکی نے کی تھی۔ ترک وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ شام نے ترک فضائی کا طیارہ اس وقت تباہ کیا جب وہ عالمی فضائی حدود میں تھا۔ واضح رہے کہ شام اور ترکی کے درمیان طیارے کی تباہی کا معاملہ شدت اختیار کرگیا ہے۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان نے خبردار کیا ہے کہ طیارے کی تباہی کے معاملے پر خاموش نہیں رہیں گے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ چکوال اور سرگودھا میں تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ شدید گرمی، حبس اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے ستائے چکوال کے شہریوں کے لیے بارش کسی نعمت سے کم نہیں ۔ تیز ہوا کے ساتھ بارش کیا ہوئی عوام کے چہرے کھل اٹھے ۔ ادھر سرگودھا میں بھی بارش کے باعث جل تھل ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی بارشوں کا سلسلہ اس سال وقت سے قبل ہی شروع ہونا تھا یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے کچھ علاقوں میں اس کا آغاز ہوگیا ہے۔
نیشنل جونیئر ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ 27 جون سے پشاور میں شروع ہوگی۔ ایونٹ میں ملک بھر سے 100 سے زائد تیراک حصہ لیں گے۔ سیکریٹری سوئمنگ ایسو سی ایشن خیبر پختونخوا آصف خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں 8 سال بعد نیشنل لیول کی چیمپئن شپ ہورہی ہے جو تین دن تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ایج گروپ چیمپئن شپ میں انڈر 12، 14 اور 16 کیٹگریز کے مقابلے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر سوئمنگ چیمپئن شپ یکم جولائی سے قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگی جو 3 روزہ جاری رہے گی اس میں ملک بھر سے 100 سے زیادہ کھلاڑی حصہ لیں گے۔