PPI NEWS Bulletin 1800 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لا ئنز:۔

کراچی میں امن و اما ن کےلیے وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس
ق لیگ کے چار ارکان کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب نے غفلت پر ایم ڈی واسا کو معطل کردیا
شکیل آفریدی کی جان مسلسل خطرے میں ہے، اہل خانہ
اور
ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری، مریضوں کی پریشانی بڑھ گئی

خبرو ں کی تفصیل:۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت کراچی میں امن کے قیام سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی و صوبائی وزرائ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیراعظم کو کراچی کے معاملات پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ کراچی میں ہر صورت امن قائم کیا جائے گا۔

مسلم لیگ ق کے چار ارکان وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی کابینہ میں بطوروفاقی وزرا حلف اٹھائیں گے جبکہ فیصل صالح حیات نے ابھی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق جام محمد یوسف ، سردار طالب نکئی، شیخ وقاص اکرم اور سردار بہادر خان بطور وفاقی وزرا کابینہ میں شمولیت اختیار کریں گے۔ ذرائع کے مطابق رضا حیات ہراج نے وزیر مملکت دفاعی پیداوار بننے سے انکار کر دیا ہے جبکہ فیصل صالح حیات نے ابھی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے مون سون کے آغاز سے قبل ناقص کارکردگی کے باعث ایم ڈی واسا جاوید اقبال کو معطل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ عوامی خدمت کے منصوبوں میں دلچسپی نہ لینے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے دھرم پورہ ڈرین کی عدم تکمیل اورشہرمیں کھلے مین ہولز کی شکایات پر برہمی کا اظہارکیااورایم ڈی واساسمیت غفلت کے مرتکب افسروں کومعطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ شہباز شریف نے ہدایت کی سیوریج منصوبے جلد ازجلدمکمل کیے ،ان میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر شکیل آفریدی کے بھائی کا کہنا ہے کہ امریکا کو ان کا نام خفیہ رکھنا چاہیئے تھا، جیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کے باعث زندگی کو خطرہ ہے۔جمیل آفریدی نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکیل آفریدی نے امریکیوں کی مدد کی تھی تو انہیں اس معاملے کو خفیہ رکھنا چاہیئے تھا، شکیل آفریدی کا نام ظاہر کرکے امریکیوں نے تمام ملبہ ان پر ڈال دیا اور اب پورا خاندان خطرے میں گھر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی گزشتہ ایک سال سے قید ہیں اورا ن کی جان مسلسل خطرے میں ہے۔

ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال آج ساتویں روز میں داخل ہوگئی ہے جس کے باعث مریض شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔ ینگ ڈاکٹرز کی 18جون سے جاری ہڑتال آج ساتویں روز بھی جاری ہے۔ احتجاج کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں آﺅٹ ڈور بند ہیں جس کی وجہ سے مریض علاج کے لیے دربدر پھر رہے ہیں تاہم ہڑتال کا تاحال خاتمہ نظر نہیں آرہا ہے۔ پنجاب حکومت کے مطابق ڈاکٹروں کے سروس اسٹرکچر کے لیے بھاری رقم درکار ہے جوکہ موجود نہیں۔ دوسری جانب ڈاکٹروں نے حکومت کو دھمکی دے دی ہے اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہڑتال جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *