PPI NEWS Bulletin 1700 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لائنز:۔

گیلانی حکومت کے اقدامات کو آئینی تحفظ حاصل، صدارتی آرڈیننس جاری
وزیراعظم کی گورنر سندھ سے ملاقات، اہم معاملات پر تبادلہ خیال
فیصل صالح حیات کا کابینہ میں شمولیت سے انکار
پنجاب حکومت کا ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے منصوبہ تیار کرنیکا دعوی
شام نے ترک طیارہ عالمی فضائی حدود میں نشانہ بنایا، ترک وزیرخارجہ
اور
انڈر 19 ایشیاءکرکٹ کپ، پاکستان نے سنسنی خیزمقابلے کے بعد بھارت کو شکست دیدی

خبروں کی تفصیل:۔

صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حکومت کے چھبیس اپریل سے انیس جون تک کے اقدامات کو آئینی تحفظ فراہم کرنے کے لیے صدارتی آرڈیننس جاری کر دیا ہے۔ آرڈنینس کے تحت گیلانی حکومت کے اقدامات کی آئینی حیثیت کو چیلنج نہیں کیا جا سکے گا اورحکومت پاکستان اس دورانیہ میں کیے گئے تمام بین الاقوامی معاہدوں کی پابند ہوگی۔ اس مدت کے دوران وزارت عظمی کے اہم اقدامات میں بجٹ کے علاوہ اعلی عدالتوں کے چند ججوں کی تقرری بھی شامل ہے۔ یادرہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیرِاعظم کو توہین عدالت کے جرم میںقومی اسمبلی کی رکنیت کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔ عدالت نے 19جون کو دیے گئے اپنے فیصلے میں وزیرِاعظم کی نااہلی کی مدت کا آغاز 26اپریل سے کیا جس کی وجہ سے اس صدارتی آرڈنینس کی ضروت پیش آئی۔صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا ہے کہ صدر نے یہ حکم نامہ ’نیک نیتی‘ کی بنیاد پر جاری کیا ہے ، اس سلسلے میں کوئی مشکلات پیش آئیں تو ان کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے جہاں انھوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ اطلاعات کے مطابق گورنر ہاﺅس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان اتحاد سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آج مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے، جبکہ کل وہ مسلم لیگ فکنشنل کے سربراہ پیر پگارا اور نائن زیرو میں ایم کیو ایم کے رہنماﺅں سے ملاقاتیں کریں گے۔

ق لیگ کے رہنماءفیصل صالح حیات نے کابینہ میں شمولیت سے انکار کردیا اورکہا ہے کہ وہ راجہ پرویز اشرف کے زیر سایہ کام نہیں کرسکتے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ پارٹی کی جانب سے حمایت کے باوجود وہ وفاقی وزیر کے عہدے پر کام نہیں کریں گے اس لیے کہ وہ راجہ پرویز اشرف کے زیرسایہ کام نہیں کرسکتے۔ واضح رہے کہ رینٹل پاور پلانٹ کیس میں کرپشن کو منظر عام پر لانے میں فیصل صالح حیات نے اہم کردار ادا کیا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے رینٹل پاور پلانٹ کے معاملے پر از خود نوٹس لے کر کمپنیوں سے اربوں روپے واپس نکلوالیے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے سینئر مشیرسینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ سیلاب کی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کیلئے جامع پلان مرتب کر لیاگیاہے،جس کے تحت14 اضلاع کی انتظامیہ اور ریسکیو سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو ایک ہزار732 کشتیاں اور دیگر سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے پنجاب میں ممکنہ سیلاب کی صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔سردار ذوالفقارکھوسہ نے بتایاکہ محکمہ خزانہ نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو سیلاب متاثرین کے لیے5کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں،انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ دریائی پانی کے بہاﺅ میں رکاوٹ بننے والی آبادیوں کے مکینوں کوفوری طور پر دوسری جگہ منتقل کیا جائے۔

ترکی کے وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ شامی فوج نے جمعہ کو جس ترک طیارے کو مار گرایا تھا وہ اس وقت عالمی فضائی حدود میں تھا ۔احمد داو¿د اوغلو کے مطابق طیارہ مار گرائے جانے سے کچھ دیر قبل ضرور شام کی فضائی حدود میں بھٹک کر داخل ہوا تھا لیکن وہ وہاں سے واپس نکل آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ طیارہ نہ تو ہتھیاروں سے لیس تھا اور نہ ہی شام سے متعلق کسی خفیہ مشن پر تھا۔ ایک انٹرویو میں ترک وزیرِ خارجہ نے کہا کہ غیر مسلح طیارہ جمعہ کو شام کی فضائی حدود میں غلطی سے داخل ہوا تھا اور مار گرائے جانے سے کئی منٹ پہلے ہی وہ شامی حدود سے باہر جا چکا تھا۔ ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اس معاملے کو نیٹو کے پاس لے کر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے انڈر 19 ایشیاءکرکٹ کپ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو ایک رن سے شکست دیدی۔ کوالالمپور میں جاری ٹورنامنٹ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں پر 287 رنز بنائے، سمیع اسلم 121 اور امام الحق 88 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جواب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر286 رنز ہی بناسکی۔ اس طرح پاکستان نے ایک رن سے میچ اپنے نام کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اختر وحید اور محمد نواز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *