PPI NEWS Bulletin 1800 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لائنز:۔

پہلے انتخابی فہرستیں تیار کی جائیں پھر بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ کرینگے، وزیراعلیٰ سندھ
ملک بھر میں یکساں سیلز ٹیکس کے نفاذ پر پارلیمنٹ متفق نہیں، وزیرخزانہ
لوڈشیڈنگ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے، وزیرقانون پنجاب
توانائی کا بحران نواز شریف کا پیدا کردہ ہے، خورشید شاہ
اور
روم ماسٹرز ٹینس، نوواک جوکووچ اور رافیل نڈال آج فائنل میں مدمقابل

 

خبرو ں کی تفصیل :۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے ، پہلے انتخابی فہرستیں تیار ہوجائیں پھر بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ کریں گے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں انتخابی فہرستوں کا مقدمہ چل رہا ہے ، پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ انتخابات کس فہرست کے تحت ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم انتخابات سے نہیں ڈرتے ، ہم نے سندھ کے ایشوز کو ہرفورم میں اٹھایا ۔

وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کاکہناہے کہ پورے ملک میں یکساں شرح سیلز ٹیکس کا نفاذ چاہتے ہیں تاہم ارکان پارلیمنٹ متفق نہیں۔ کراچی میںپری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکسوں کے نظام کو آسان بنا رہے ہیں حکومت نے تین سال میں ٹیکس ریٹ میں اضافہ نہیں کیا ہماری کوشش ہے کہ ٹیکس ان لوگوں پر نہ لگے جو پہلے ہی ٹیکس دیتے ہیں ٹیکس ان لوگوں پر عائد کیا جائیگا جو ٹیکس دیتے ہی نہیں ۔عبدالحفیظ شیخ کا کہناتھا کہ ٹیکس اصلاحات پر کچھ لوگ ناراض بھی ہوگئے لیکن بہت سارے لوگوں نے مدد بھی کی ۔وزیر خزانہ نے بتایاکہ اگلے بجٹ میں انکم ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا جبکہ کم آمدنی والوں کا انکم ٹیکس کم کیے جانے کا امکان ہے۔

پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ بدترین لوڈشیڈنگ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔وفاقی وزیر خورشید شاہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے چار سال میں ایک میگاواٹ بجلی کا منصوبہ بھی مکمل نہیں کیا۔ وفاقی حکومت اداروں پر واجبات کی ادائیگی کر دے تو بجلی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ قومی یکجہتی کی بات کی ہے جبکہ پیپلز پارٹی صوبائیت کو ہوا دیتی ہے،وقت ثابت کرے گا کہ انتخابات کے نتائج کس پارٹی کے حق میں جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر خورشید شاہ کا کہناہے کہ عوام شریف برادران کو مسترد کرچکے ہیں ، شریف برادران کو ضمنی انتخابات سے سبق سیکھنا چاہئے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کاکہنا تھا توانائی کا بحران نواز شریف کا پیدا کردہ ہے، تھرکول منصوبہ بند نہ کیا جاتا تو آج ملک توانائی میں خودکفیل ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے نتائج بھی ضمنی انتخابات کے نتائج سے مختلف نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا نہ نیٹو سپلائی پر ملکی مفادکے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

روم ماسٹرز ٹینس کا فیصلہ کن معرکہ عالمی نمبرون اور دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ اور رافیل نڈال کے درمیان ہوگا۔ سیمی فائنل میں سربیا کے نوواک جوکووچ نے سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کی کلے کورٹ پر کامیابی کا سلسلہ ختم کردیا۔فیڈرر نے گذشتہ ہفتے میڈرڈ ماسٹرز ٹورنامنٹ جیتا تھا لیکن جوکووچ نے چھ دو اور سات چھ کی فتح سے فیڈرر کی مسلسل دوسراٹائٹل جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اسپین کے رافیل نڈال نے ہم وطن ڈیوڈ فیرر کوسات چھ اور چھ صفر سے ہراکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *