سانحہ چلاس کے گیارہ ملزمان کو ماسٹر مائنڈ سمیت گرفتار کرلیا، وزیراعظم۔
وزیراعلیٰ سندھ کی انتخابی کامیابی کیخلاف دائردرخواست سماعت کیلئے منظور۔
پاکستان کی امریکہ سے دہشتگردی کیخلاف جنگ کے اخراجات جلد ادا کرنیکی درخواست۔
اہلسنت و الجماعت پنجاب کے صدر لاہور میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق۔
اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا ایوارڈ ملالہ یوسفزئی کے نام۔
اور
سری لنکا کیخلاف سیریز، قومی کرکٹ ٹیم دبئی سے شارجہ پہنچ گئی۔
خبروں کی تفصیل:۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چلاس میں نانگا پربت پر غیر ملکیوں سیاحوں کو قتل کرنے والے 17 ملزمان میں سے 11 کو ماسٹر مائنڈ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔گلگلت بلتستان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعطم نواز شریف نے کہاکہ گلگت بلتستان میں گھناو¿نے جرائم میں ملوث ملزمان کے لئے خصوصی قانون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت فرقہ واریت، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت میں ملوث ملزمان کو فوری سزائیں دلوانے کےلئے عدالتیں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لئے اسپشل فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی، اسپیشل فورس کے ذریعے شاہراہ ریشم اور شاہراہ قراقرم کو محفوط بنائیں گے۔نواز شریف نے کہاکہ یہاں کاشغر سے لے کر گوادر تک موٹروے طرز کی سڑک بنے گی جب کہ ریلوے لائنیں بھی بچھائیں جائیں گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ترقیاتی کاموں سے گلگت بلتستان میں خوشحالی آئے گی۔
الیکشن ٹریبونل میں وزیراعلیٰ سندھ کی کامیابی کیخلاف دائردرخواست سماعت کیلئے منظور کر لی گئی۔پی ایس 26 سے کامیاب امیدوار کے خلاف درخواست مسلم لیگ (ن)کے غوث علی شاہ نے دائر کی۔الیکشن ٹریبونل نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہو ئے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے ووٹوں پرانگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نادرا سے کرانے کاحکم دیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکا سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات کی جلد ادائیگی کی درخواست کردی۔ اسلام آباد میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔وزیر خزانہ نے گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا دینے کیلئے امریکی سفیر سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات کی جلد ادائیگی کی درخواست کی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کو رواں ماہ جنگی اخراجات کی مد میں امریکا سے 38 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے۔اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہذخائر 3 ارب ڈالر کے قریب رہ گئے ہیں جو ایک ماہ کے درآمدی بل سے بھی کم ہوچکے ہیں۔ذخائر میں مسلسل کمی کی وجہ سے روپیہ بھی عدم استحکام کا شکار ہے اور ڈالر کے مقابلے جولائی سے اب تک روپیہ 8 فیصد گراوٹ کا شکار ہوچکا ہے۔
لاہور کے علاقے رنگ روڈ پر اہلسنت والجماعت کے صوبائی صدر مولانا شمس الرحمان معاویہ قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق مولانا شمس الرحمن معاویہ لاہور کے علاقے کریم پارک میں محمد جامع مسجد میں نماز جمعہ پڑھانے کے بعد اپنے محافظ اور ڈرائیور کے ساتھ گھر جار تھے کہ نامعلوم افراد نے رنگ روڈ پر ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے وہ شدید زخمی ہوگئے تاہم ان کا محافظ اور ڈرائیور اس حملے میں محفوظ رہے، واقعے کے بعد مولانا شمس الرحمن کو تشویشناک حالت میں میو¿ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہیں۔دوسری جانب اہلسنت والجماعت نے مولانا شمس الرحما ن کے قاتلانہ حملے جاں بحق ہونے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
ملالہ یوسف زئی نے اقوا م متحدہ کا آئندہ 5 سالوں کے لئے دیئے جانے والا ”انسانی حقوق سال 2013“ کا ایوارڈ جیت لیا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے مطابق ملالہ یوسف زئی کے لئے انسانی حقوق کا ایوارڈ نہ صرف خود ملالہ یوسف زئی کی انسانی حقوق کے حوالے سے خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کرنے کا اعتراف ہے بلکہ دنیا بھر کے انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ عالمی برادری انسانی حقوق کے لئے جدو جہد کرنے والوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا ایوراڈ 5 ہر سال بعد دیا جاتا ہے اور آخری مرتبہ یہ ایوارڈ امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر کو دیا گیا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم دبئی سے شارجہ پہنچ گئی۔ جہاں قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میچز کے لئے پریکٹس کا آغاز کردیا۔ کپتان محمد حفیظ نے بھی ٹیم کو جوائن کرلیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم دبئی سے شارجہ پہنچ گئی ہے۔ جہاں ٹیم نے افغانستان اور سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کے لئے پریکٹس کا آغاز کردیا۔ قومی ٹیم اتوار کو افغان ٹیم کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ جبکہ سری لنکا سے بیس بیس اوورز کے دو میچز گیارہ اور تیرہ دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ کپتان محمد حفیظ نے یو اے ای میں ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا سے ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے۔ یو اے ای میں تینوں ٹی ٹوئنٹی جیتنا چاہتے ہیں، تاکہ ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں بھرپور اعتماد کے ساتھ شریک ہوسکیں۔