PPI News Bulletin 1800 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

مسلم لیگ ن نے ماوری میمن کو رکن قومی اسمبلی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ماوری میمن کو نزہت صاد ق کے سینیٹر بن جانے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر رکن قومی اسمبلی منتخب کرایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق یہ معاملات ماروی میمن کی ن لیگ میں شمولیت سے قبل طے ہوئے تھے۔ دوسری جانب میمونہ ہاشمی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست سے راولپنڈی سے سیماجیلانی کو ٹکٹ دیا جائیگا۔ میمونہ ہاشمی نے اپنے والد جاوید ہاشمی کے ساتھ ہی ن لیگ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے نیر بخاری کی نامزدگی خوش آئند ہے۔ چوہدری شجاعت نے نیر بخاری سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا جس میں چوہدری شجاعت نے نیئر بخاری کی چیئرمین سینیٹ نامزدگی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات میں نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے تمام مسائل حل کریں گے ، ہم آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔

استنبول کے میئر قادر توپ با ش کا کہنا ہے کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے اور ترکی و پاکستانی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ لاہور ائیرپورٹ پہنچنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے میئر استنبول اور ان کے تیس رکنی وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمان کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر دیا۔ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ ترک مہمان کا پنجاب کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ افسروں سے تعارف کرایا گیا۔پورے راستے کو خیر مقدمی بینرز اور ترک صدر، وزیر اعظم ، میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قد آدم تصاویر سے سجایا گیا تھا۔راستے میں جگہ جگہ لوگ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر فضائی حملے تیسرے روز جاری ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 20ہوگئی ہے۔ حملوں کے بعد فلسطینی تنظیموں نے اسرائیل سے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے اور اسرائیلی آبادیوں کی جانب راکٹ فائر کیے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ اسرائیل نے حملوں کو اپنا دفاع قرار دیا ہے دوسری جانب امریکا نے بھی جانبداری کامظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو جائز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ غزہ سے اسرائیلی آبادیوں پر حملے بزدلانہ کارروائیاں ہیں ۔

فلسطین کی حمایت میں بھارت سے شروع ہونے والے گلوبل مارچ کے شرکا ملتان پہنچ گئے۔ وفد کے سربراہ ڈاکٹر سریش کھیر نار کا کہنا تھا کہ فلسطین کی جنگ جیت کر واپس لوٹیں گے۔ بھارتی وفد کے سربراہ ڈاکٹر سریش کھیر نار نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم 20سال سے اس تحریک کو لے کر چل رہے ہیں ،یہ معاملہ ہندستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا میں دہشت گردی کا معاملہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 30مارچ کو فلسطین پہنچیں گے جس میں ان کے ساتھ پاکستان، بھارت، ترکی، لبنان، مصر، اردن اور شام کے لوگ بھی شامل ہوں گے۔

ایشیاءکرکٹ کپ کے پہلے ون ڈے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 263رنز کا ہدف دیدیا۔ ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 262رنز اسکور کرسکی۔ محمد حفیظ 89، ناصر جمشید54، عمر گل 39رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ آٹھویں وکٹ پر عمر گل اور سرفراز نے 53رنز بنائے ۔شہادت حسین نے تین اور شکیب الحسن نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *