پاکستان اور برطانیہ کے وزرائے اعظم کے درمیان لندن میں اسٹرٹیجک مذاکرات
بجلی بحران میں شدت کے بعدملک کے مختلف مقامات پر مشتعل افراد کے مظاہرے
توہین عدالت کیس، بابر اعوان کیخلاف فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی
قائمہ کمیٹی کا حج انتظامات دیکھنے کیلئے سعودی عرب جانے کا فیصلہ
ریڈکراس نے پاکستان کے بڑے شہروں میں کام بند کردیا
اور
کپتان نہ بننے پر کوئی مایوسی نہیں، شاہد آفریدی
خبروں کی تفصیل :۔
پاک برطانیہ وزرائے اعظم کے درمیان لندن میں وسیع تر اسٹرٹیجک مذاکرات جاری ہیں۔ لندن میں برطانوی وزیراعظم کی رہائش پر پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور برطانوی وفد کی قیادت وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کررہے ہیں۔ مذاکرات میں تعلیم ،صحت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک کے بیشتر حصوں میں شہریوں کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کا شارٹ فال آٹھ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بیس گھنٹوں سے زائد ہوگیا ہے۔شدید گرمی میں بجلی کے طویل تعطل سے پریشان عوام جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔ وہاڑی میں تاجروں، مزدوروں، طلبا، وکلا اور شہریوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ مشتعل مظاہرین نے مسلم لیگ ق ، ن لیگ اور تحریک انصاف کے دفاتر سمیت میپکو آفس پر حملے کئے۔ شہریوں نے سرکاری جیپ، چار موٹرسائیکلوں سمیت ریکارڈ اور فرنیچر کو آگ لگا دی۔ اس کے بعد مظاہرین نے ڈی پی او آفس کا گھیراو¿ کرلیا اور اندر گھسنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ جس سے دو نوجوان زخمی ہوگئے۔ ادھرگوجرانوالہ میں فیکٹری مالکان اور مزدوروں نے جی ٹی روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی اور ٹائروں کو آگ لگا کر سڑک کے دونوں طرف ٹریفک بلاک کردی۔اسی طرح لاہور، حافظ آباد، منڈی بہاو¿الدین، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، وزیرآباد، شیخوپورہ اورگجرات میں بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
سپریم کورٹ میں بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس میں فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی۔بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔بابر اعوان کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ انہوں نے معافی مانگے جانے کے باوجود فرد جرم عائد کئے جانے کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت ابھی نہیں ہوئی۔اپیل کے فیصلے تک سماعت ملتوی کی جائے، جس پر عدالت نے مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حج نے اپنے آئندہ اجلاس میں سعودی عرب میں تعینات ڈی جی حج سید ابوعاکف کو طلب کرلیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس مولانا محمد قاسم کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ سال دوران حج میں بڑے پیمانے پر بدانتظامی اور بدنظمی کی شکایات کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ قائمہ کمیٹی حج انتظامات جائزہ لے گی اور ڈی جی حج سے آئندہ اجلاس میں اب تک کی تیاریوں پر بریفنگ لی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ قائمہ کمیٹی کے ارکا ن حج تیاریوں کا جائزہ لینے کے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
عالمی ادارے ریڈ کراس نے پاکستان کے دو بڑے شہروں میں اپنی سرگرمیاں روک دی ہیں۔ اس بات کا فیصلہ تنظیم نے اپنے کارکن کی ہلاکت کے بعد کیاہے ۔کوئٹہ سے جنوری میں اغواءہونے والے ریڈ کراس کے اہلکار کی سربریدہ لاش 29 اپریل کو ملی تھی۔ بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حالیہ واقعے کی وجہ سے تنظیم نے پاکستان کے دو بڑے شہروں کراچی اور پشاور میں اپنی سرگرمیاں روک دی ہیں، جبکہ کوئٹہ میں پہلے ہی کام روکا جا چکا ہے۔
پاکستانی آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں کپتان نہ بننے پر کوئی مایوسی نہیں۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ 20-20 کرکٹ کیلئے محمد حفیظ کو کپتان بنایا جانا خوش آئند اقدام ہے۔انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ پورے پاکستان کے کپتان ہیں، سب کو انہیں سپورٹ کرنا چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ نئے کپتان کو اپنی کارکردگی اور مشوروں سے اعتماد دیں گے۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ ہر مشکل میں ٹیم کیلئے کھیلتے رہیں گے۔