PPI NEWS Bulletin 1800پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈلائنز:۔

لاپتہ افراد کیس، سپریم کورٹ نے حکومت کو مزید ایک روز کی مہلت دیدی۔
پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی چارج شیٹ تیار۔
بلوچستان میں ہمیں اقتدار تو مل گیا لیکن اختیار نہیں، حاصل بزنجو۔
سانحہ راول پنڈی کے مزید انیس ملزمان گرفتار۔
حکومت کا آئی ایم ایف کی شرط پر گیس کی قیمتوں میں اضافے پر غور۔
اور
صوفی بزرگ بہاو¿الدین زکریا کے 774ویں عرس کی تقریبات کا آغاز۔

خبروں کی تفصیل:۔

سپریم کورٹ نے ایک بار پھر حکومت کو لاپتہ افراد عدالت میں پیش کرنے کےلئے ایک دن کی مہلت دے دی۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لاپتہ افراد کیس کی سماعت شروع کی تو وزیر دفاع خواجہ آصف عدالت میں پیش ہوئے جب کہ باقی لاپتہ افراد عدالت میں نہیں لائے گئے، سماعت کے دوران قائم مقام سیکرٹری دفاع میجر جنرل ریٹائر عارف ندیم اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کے 2 مزید افراد کا سراغ ملا ہے انہیں کل عدالت کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں لاپتہ افراد سے متعلق قانون سازی کریں گے اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ 6 ماہ گزر چکے ہیں لیکن حکومت نے لاپتہ افراد سے متعلق جو کیس چل رہا ہے اس پر کوئی قانون سازی نہیں کی جو تشویشناک ہے، حکومت خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہوئے وقت ضائع کررہی ہے۔وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی توچیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ وردی کا احترام رہنے دیں، وردی والوں نے کراچی میں لڑکے کوقتل کیا ہم نے ایکشن لیا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایسا فیصلہ نہ دیں جس سے لاپتہ افراد یا کوئی متاثر ہوں قانون سازی کے حوالے سے آج ہی وزیردفاع سے بات کروں گا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے بلوچستان لاپتہ افراد کیس اورآئی جی ایف سی توہین عدالت کیس میں ایف سی کے مجازافسرکوکل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

حکومت نے مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کے لیے چارج شیٹ تیار کر لی ہے۔پرویز مشرف کیخلاف شکایت اور چارج شیٹ 9 صفحات پر مشتمل ہے۔ذرائع کے مطابق چارج شیٹ میں سابق صدر کو واحد ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔پرویز مشرف کیخلاف 5 بنیادی شکایات درج ہیں۔ چارج شیٹ میں 3 نومبر کی ایمرجنسی اور پی سی او کے نفاذ اور ججوں کے نئے حلف کے اجرا کا الزام بھی چارج شیٹ میں شامل ہے۔آئین میں ترمیم کا اختیار اور ترمیم کے ذریعے آئین پامال کرنے کے الزامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر اور سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہمیں اقتدار تو مل گیا لیکن اختیار نہیں ملا،ہمارے پاس اختیار ہوتا تو ہماری مائیں بہنیں سڑکوں پر نہ بیٹھی ہوتیں۔ایک انٹرویو میں سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ4دن پہلے نواز شریف پر واضح کر دیاتھا کہ ہمارے لاپتا افراد بازیاب کرائیں، جبکہ وزیراعظم کے علاوہ فوجی قیادت سے کہامسخ شدہ لاشیں پھینکنا بند کریں۔ہمیں نتیجہ چاہیئے ، نتیجے کیلئے وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے سکتے ہیں،کچھ عرصہ مسخ شدہ لاشیں ملنابند ہو گئیں لیکن پھر سلسلہ شروع ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان کے پاس اختیار ہوتا تو مجید بزنجو کی بیٹی سڑک پر نظر نہیں آتیں۔

سانحہ راول پنڈی کے مزید انیس ملزمان کو فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی تعداد چون ہوگئی۔ آر پی او راول پنڈی اختر عمر لالیکا کے مطابق مزید انیس ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی تعداد چون ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو سی سی ٹی فوٹیج اور زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف کی شرط پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز پر غورشروع کردیا جب کہ دسمبر 2014 تک پی آئی اے کی نجکاری بھی کرنا پڑے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے گذشتہ ماہ پاکستان کی اقتصادی کاکردگی کے پہلے جائزہ میں پاکستان کے ساتھ طے پانے والے اسٹرکچرل بنچ مارک کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے تحت پاکستان کو رواں ماہ کے آخر تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں پاکستان کو رواں ماہ کے آخر تک انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں اضافی ریونیو کے لئے اقدامات کا اعلان کرنا ہوگا۔

ملتان میں صوفی بزرگ بہاو¿الدین زکریا کے 774ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ عرس کی تقریبات کا آغاز سجادہ نشین شاہ محمود قریشی نے مزار کوعرق گلاب سے غسل دے کر کیا۔ تین روزہ عرس میں ملک بھرسےعقیدت مند شریک ہونگے۔ مزارکے اطراف میں عقیدت مندوں کی سہولت کے لئے ڈسپنسری م لنگر کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔