مسلم لیگ ن نے مسائل سے چھٹکارے کے لئے حکومت سے نجات کو ناگزیر قرار دے دیا۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل کونسل اجلاس میں حکومت کی نااہلی اور کرپشن کو مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ قرار دیا گیا۔ دہشت گردی کی مذمت کی گئی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔یہ قراردادیں مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے پیش کیں، جن میں کوہستان واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ بے قصور اور بے گناہ افراد کو شہید کیا گیا، مسلم لیگ ن شہید ہونے والے افراد کے ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہے۔ ایک اور قرار داد میں لاپتہ افراد کی جلد بازیابی کا مطالبہ اور بلوچستان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قرار داد میں اکبر بگٹی کے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ ایک اور قراداد میں خیبر پختونخوا میں بیگناہ شہریوں اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہارکیا گیا۔
بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے اپنے پاکستانی ہم منصب یوسف رضا گیلانی کے کردارکوسراہتے ہوئے خیرسگالی کا خصوصی پیغام بھیجا ہے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم ہاﺅس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے وزیراعظم گیلانی سے ملاقات کی اور انہیں بھارتی وزیراعظم کاخیرسگالی پیغام پہنچایا، اس پیغام میں بھارتی وزیراعظم نے پاکستانی ہم منصب کی طرف سے دو طرفہ تعلقات میں مثبت کردار ادا کرنے کو سراہا ہے، وزیراعظم گیلانی نے بھی جواب میں ایسا ہی پیغام دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے حکمران اتحاد کے قائدین کو آج ایوان صدر، اسلام آباد میں عشائیے پر بلا ےاہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین کو آج شب صدر آصف زرداری نے عشائیے پر بلایا ہے۔ توقع ہے کہ حکمران اتحاد کی اس ملاقات میں سیاسی امور اور حالیہ سینیٹ انتخابات کے بعد کی حکمت عملی پرغور کیا جائے گا۔
سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 53 کے ریٹرننگ افسرعلی اصغر سیال نے وحیدہ شاہ کیس کی مرکزی کردار وحیدہ شاہ کا بیان قلمبند کرکے اپنی کارروائی مکمل کرلی۔ریٹرننگ افسر اپنی کاروائی کا ریکارڈ صوبائی الیکشن کمیشن کے حوالے کریں گے جو بارہ مارچ کو مکمل رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔ ریٹرننگ آفیسر کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے کیلئے وحیدہ شاہ برقعے میں پہنچیں اوروہ میڈیا سے چھپتی چھپاتی اندر چلی گئیں اور بیان دیکر اسی انداز میں کسی سے کوئی بات کیئے بغیر واپس چلی گئیں۔ انکے جانے کے بعد انکے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ وحیدہ شاہ نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور اپنی صفائی میں شواہد پیش کیے۔ کل وہ اور انکی موکلہ الیکشن کمیشن آ ف پاکستان میں پیش ہوکر اپنا موقف پیش کریں گے۔
حکومت نے بلوچستان میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے مفاہمتی اقدامات شروع کردیئے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ کے اطراف میں واقع فرنٹئیر کور کی قائم کی گئی تین چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ چمن روڈ،کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ میاں غنڈی،اور کوئٹہ سبی روڈ پر واقع درخشاں ناکہ کیساتھ قائم کی گئی فرنٹیئرکور کی چیک پوسٹوں کو ختم کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان چیک پوسٹوں کو ختم کرنے کا فیصلہ بلوچستان میں جاری مفاہمتی عمل کو فروغ دینے کیلئے کیا گیا ہے۔
موبائل فون اور گاڑیوں پرریڈیو ٹیکس عائدکرنے کا مجوزہ قانون لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیاہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت عوام سے ٹیکس وصول کرتی ہے لیکن ادارے پھر بھی خسارے میں ہیں۔ درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ حکومت سے عوام سے جمع کیے گئے ٹیکس کی تفصیلات طلب کی جائیں۔
