وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے واضح الفاظ میں سوئس حکام کو خط نہ لکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چیف جسٹس ہوتے تو استثنیٰ کا معاملہ پارلیمنٹ پر چھوڑ دیتے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صدر کے استثنیٰ کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ آئین کی تشریح اور بات ہے لیکن نیا آئین تحریر نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم میں کسی نے صدارتی استثنیٰ ختم کرنے کی بات نہیں کی،دنیا بھر میں صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو عدالتی استثنیٰ حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر سوئس عدالتوں کو خط لکھنا ہوتا تو بہت پہلے لکھ چکا ہوتا۔
پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں نماز جنازہ کے دوران ہونیوالے خود کش دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد پندرہ ہوگئی۔پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں واقع جنازہ گاہ میں ایک خاتون کی نماز جنازہ ادا کی جارہی تھی کہ اچانک دھماکہ ہوگیا،جس سے انسانی اعضاءہر طرف بکھر گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خود کش تھا جس میںپندرہ افراد جاں بحق اور32 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اور خیبر ٹیچنگ اسپتال پہنچا یا گیا ہے۔ جہاں بیشتر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی جگہ سے خود کش جیکٹ کے ٹکڑے اور بال بیرنگز بھی ملے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر خیبر پختو نخوا اسمبلی خوشدل خان چند لمحے پہلے جنازہ گاہ سے نکل گئے تھے اور بال بال بچ گئے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی خواہش ہے کہ انتخابات اسی سال منعقد ہوں۔ کراچی میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کاکہنا تھا کہ الیکشن کا فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا،تاہم الیکشن قبل ازوقت کرانے کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔
مسلم لیگ ن کی رہنماءماروی میمن نے کہا ہے کہ ن لیگ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک میں تبدیلی لاسکتی ہے۔ کراچی میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر انتشار پھیلانے کا سلسلہ زیادہ عرصے تک نہیں چل سکے گا۔انھوں نے کہا کہ کوئی بھی تبدیلی کو آنے سے نہیں روک سکے گا جس کا آغاز سندھ سے ہوگا۔ماروی میمن کا کہنا تھا کہ وہ جلد عوام کو بتائیں گی کہ انھوں نے مسلم لیگ ق کو چھوڑ کر ن لیگ میں شمولیت کیوں اختیار کی۔
سندھ بھر میں بند کیے گئے سی این جی اسٹیشنز آج رات گیارہ بجے کھلیں گے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف نے سی این جی اسٹیشنز کل رات گیارہ بجے بند کردئیے گئے جو آج رات گیارہ بجے کھولے جائیں گے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا ہے کہ کمپنی کی نگران ٹیمیں بندش کے دوران گیس اسٹیشنز کی سخت نگرانی کریں گی اور کھلے سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی منقطع کردی جائے گی۔
دنیا کی سب سے مہنگی گھڑی متعارف کرا دی گئی جس کی قیمت 50 لاکھ ڈالرز ہے۔سوئس گھڑی ساز ادارے کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس گھڑی میں 1200 سے زائد ہیرے جڑے ہیں، جن میں سے 6 پتھروں کا وزن 3 قیراط ہے۔گھڑی ساز ادارے کا دعویٰ ہے کہ اس سے مہنگی گھڑی بنانا مشکل ہے کیونکہ گھڑیوں کے خریدار محدود ہیں۔اس گھڑی کو 14 ماہ کی محنت سے 17 افراد نے تیار کیا ہے۔
