کابل میں سفارتی علاقے پر طالبان کا حملہ، پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل
صدر زرداری کی حکومت کو سرائیکی بینک قائم کرنیکی ہدایت
ن لیگ کی صدر زرداری کے بیانات پر کڑ ی تنقید
بشیر قریشی کے انتقال کی جوڈیشل انکوائری کرائی جارہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ
ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار دو سو میگاواٹ سے تجاوزکرگیا
اور
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم 29اپریل کو پاکستان کا دورہ کرےگی
خبروں کی تفصیل:۔
افغان دارالحکومت کابل کے حساس ترین علاقے میں سات دھماکے ہوئے ہیں اور تاحال علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلح افرادافغان پارلیمنٹ میں داخل ہوگئے اور ایک ہوٹل پر بھی قبضہ کرلیا۔ کابل میں امریکی اور برطانوی سفارتخانوں کے قریب یکے بعد دیگرے سات دھماکے ہوئے جس کے بعد شدید فائرنگ اورخطرے کے الارم سنے گئے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق مسلح افراد افغان پارلیمنٹ میں داخل ہوچکے ہیں اورکابل کے اسٹا رہوٹل میں گھس کر اس کے کئی حصوں کو آگ لگا دی ہے۔ یہ علاقہ انتہائی حساس ہے ، جہاں امریکی فوجی اڈہ،اقوام متحدہ کا دفتراور صدارتی محل واقع ہے۔ دوسری جانب حکام نے حملہ آوروں کو پارلیمنٹ سے نکال دینے کا دعویٰ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو سرائیکی بینک قائم کرنے کی ہدایت کردی۔ ملتان میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران صدر نے جنوبی پنجاب کے تاجروں اور صنعتکاروں کو سرائیکی بینک کو کامیاب بنانے کیلئے کردار ادا کرنے کہا ۔انھوں نے کہا کہ سرائیکی بینک سے تجارتی، صنعتی اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سے پھلوں کی برآمد کیلئے ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔
صدر آصف علی زرداری کی جانب سے مسلم لیگ ن پر شدید تنقید کے بعد ن لیگ بھی میدان میں آگئی ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام تخت زرداری سے بیزار ہو چکے ہیں۔ لاہورسے جاری بیان میں سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کو صدر آصف علی زرداری اور ان کے حواریوں کی کرپشن نے تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ صدر زرداری اس وقت کہاں تھے جب پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے عوام سیلاب میں ڈوبے ہوئے تھے۔ پرویز رشید کاکہنا ہے کہ زرداری ازم کا خاتمہ بہت قریب ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بھتہ خور اور قبضہ مافیا کراچی کے امن کو خراب کررہے ہیں۔ سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے ساتھ غیرقانونی اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا اور ہمیشہ رہے گا، کچھ لوگ امن و امان کی صورتحال خراب کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جسقم کے مرحوم چیئرمین بشیر قریشی کے انتقال کی جوڈیشل انکوائری کرائی جارہی ہے۔
ملک میں بجلی کے بحران میں کمی نہ آسکی اور شارٹ فال 5ہزار200 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔پیپکو ذرائع کے مطابق بجلی کا شارٹ فال بڑھنے کے بعد ملک کے بیشتر حصوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے اور اس وقت شہروں میں 12 گھنٹے اور دیہات میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ تعطیل کے روز بجلی کی طویل بندش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات طے ہونے کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریگی۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے دورے کی تصدیق کردی ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم رواں ماہ اپریل کے آخر میں پاکستان آئے گی اور قومی کرکٹ ٹیم سے ایک ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹونئٹی ٹونئٹی میچ کھیلے گی۔ ون میچ 29اپریل جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچ 30اپریل کو کھیلا جائے گا ۔ دونوں میچز کا انعقاد لاہور میں ہوگا۔